انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کی شاندار فتح، متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست

انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کی شاندار فتح، متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست

 انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم نے 225 رنز کا ہدف 38ویں اوور میں حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کرلی۔

عمان میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے نوجوان بلے بازوں نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ عثمان خان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 120 گیندوں پر ناقابلِ شکست 139 رنز بنائے اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان کی جانب سے جہانگیر بلال نے 60 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ عبدالقادر نے 20 رنز اسکور کیے۔

اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 224 رنز بنائے اور پوری ٹیم اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئی۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے نور اللہ ایوبی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 70 رنز بنائے، تاہم ان کی شاندار اننگز ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

پاکستانی بولرز نے بھی بہترین کارکردگی دکھائی۔ محمد صیام نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ حسنین عباس، علی رضا اور رضوان اللہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

225 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مطلوبہ ہدف 38ویں اوور میں حاصل کرکے متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

قومی انڈر 19 ٹیم کا اگلا مقابلہ اتوار کو روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔

Related Articles