رپورٹ کے مطابق سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان کے ڈیموکریٹ ارکان کے درمیان تحقیقات کے دائرہ کار اور طریقہ کار پر رابطے جاری ہیں۔ پارٹی نے مختلف کانگریسی کمیٹیوں کے ذریعے سماعتیں کرنے، حکومتی پالیسیوں کی جانچ پڑتال اور انتظامیہ سے اہم معاملات پر جواب طلب کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
ڈیموکریٹس کا منصوبہ محض الگ الگ معاملات پر سوالات اٹھانے تک محدود نہیں بلکہ ٹرمپ انتظامیہ کے مختلف شعبوں کی کارکردگی اور فیصلوں کو مسلسل کانگریسی نگرانی میں لانا ہے۔ اس مقصد کے لیے سینیٹ کے ارکان ایوانِ نمائندگان میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر تحقیقات کو مربوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈیموکریٹس کی ابتدائی تحقیقات میں ایران جنگ کو خصوصی اہمیت حاصل ہونے کا امکان ہے۔ امریکی فوجی کارروائیوں کے فیصلوں، جنگ کے اخراجات، انتظامیہ کی حکمت عملی اور کانگریس کو فراہم کی گئی معلومات کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔
ڈیموکریٹس ایران جنگ کے حوالے سے وار پاورز قرارداد پر فوری ووٹنگ کرانے کے خواہاں ہیں، جس کا مقصد صدر کے جنگی اختیارات پر کانگریس کے کردار کو مؤثر بنانا ہے۔ اس معاملے پر سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان میں حکومتی پالیسی کے خلاف سوالات اٹھانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
