پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی سے متعلق آج لاہور میں آئی سی سی کا اہم اجلاس ہونے جا رہا ہے جس میں اس ایونٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے عوض میں 60 لاکھ ڈالرز ملیں گے، پاکستان کو ٹورنامنٹ کی انشورنس کرانے کیلئے انشورنس کمپنی کو بھی 12سے 13 لاکھ ڈالرز بطور پریمیئم پیسے ادا کرنا ہونگے۔
پاکستان کو گیٹ منی اور ہاسپیٹلیٹی سے بھی مز ید ڈالرز آئیں گے، اس طرح انشورنس کی رقم نکال کر تقریباً 60 لاکھ ڈالرز کرکٹ بورڈ کوملیں گے۔ ذرائع کے مطابق انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اپنی آمد ن سے ہر سال پاکستان کو 13ملین ڈالرکی 2 قسطیں میں فراہم کرتی ہے۔
اس کے برعکس بھارت کو آئی سی سی کی آمدنی کا 38 فیصد سالانہ شیئر 90 سے 95 ملین ڈالرز ملتا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل کیلئے فیصلہ کن میٹنگ سے چند گھنٹے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی جمعرات سےہنگامی طور پر دبئی میں تھے جہاں انہوں نے سی ای او آئی سی سی جیف ایلا ڈائز اوراعلیٰ حکام سے اہم مذاکرات کئے اور پاکستان کے مؤقف سے انہیں آگاہ کیا۔
پی سی بی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ محسن نقوی نے دبئی میں ہو نیوالی میٹنگ میں پاکستان کا موقف آئی سی سی پر واضح کردیا کہ ہمیں حکومت نے ہائی برڈ ماڈل سے منع کردیا ہے اس لیے بھارت کو پاکستان آ نا ہی پڑے گا، اگر آئی سی سی بات کو آگے بڑھانا ہے تو کرکٹ اور رکن ملکوں کے بہتر مفاد میں نئی تجویز لائیں، پاکستان سے میٹنگ میں ہائی بڑد ماڈل کی تجویز پر بات کرنا وقت کا ضیاع ہوگا۔