وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد میں احتجاج کے دوران گرفتار ہونے والے افراد کی رہائی کے لیے وزیراعظم کو ایک خط لکھ دیا۔
وزیراعلیٰ نےخط میں گرفتار افراد کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کی درخواست کی۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں پشتونوں کو بلاجواز تنگ کیا جا رہا ہے۔ خیبرپختونخوا کے شہری جو محنت مزدوری کے لیے اسلام آباد میں مقیم ہیں، انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے نسلی امتیاز اور بلاجواز گرفتاریوں کے منفی اثرات پر بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ان گرفتاریوں کے حوالے سے درج کیے گئے مقدمات کو بھی بوگس قرار دیا۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے خط میں گزشتہ ماہ ہونے والے گرینڈ قبائلی جرگے اور امن کے قیام کے لیے صوبائی حکومت کی وفاقی وزیر داخلہ کے ساتھ تعاون کا بھی ذکر کیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نفرت کی فضا سے اجتناب کرنا ضروری ہے کیونکہ اس کے منفی اثرات معاشرتی ہم آہنگی پر پڑ سکتے ہیں۔