حج 2027 کی پرائیویٹ اسکیم میں اربوں روپے جمع، 15 ہزار نشستیں اب بھی خالی

حج 2027 کی پرائیویٹ اسکیم میں اربوں روپے جمع، 15 ہزار نشستیں اب بھی خالی

حج 2027 کے لیے پرائیویٹ اسکیم کے تحت بکنگ میں تیزی آگئی ہے اور اب تک 80 فیصد نشستیں پُر ہوچکی ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج کی جانب سے واجبات کی مد میں 57 ارب 50 کروڑ روپے جمع کرائے جاچکے ہیں، جبکہ تقریباً 15 ہزار نشستیں اب بھی دستیاب ہیں۔

80 فیصد بکنگ مکمل

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق سرکاری حج اسکیم کی بکنگ مکمل ہونے کے بعد پرائیویٹ اسکیم کے تحت درخواستوں اور بکنگ کا عمل تیز ہوا ہے۔ اب خواہش مند عازمین کے لیے باقی نشستوں پر بروقت بکنگ مکمل کرنا اہم ہوگیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت جمع ہونے والی رقم میں سے 30 ارب روپے ون لنک پی ایس آئی ڈی اور بینک کارڈز کے ذریعے ادا کیے گئے۔ مزید 27 ارب 50 کروڑ روپے مینول بینک چالان کے ذریعے جمع کرائے گئے ہیں۔

قربانی کے اخراجات شامل

وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ پاک حج ایپ اور حج ڈیجیٹل پورٹل پر دستیاب تمام پرائیویٹ حج پیکیجز میں قربانی کے اخراجات شامل ہیں۔ ان اخراجات کی مالیت 55 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :سرکاری حج سکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کا عمل مکمل

ترجمان کے مطابق عازمین اگر کسی اضافی سہولت کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں تو اس کی درخواست اور متعلقہ ادائیگی بھی حج ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے ہی کرنا ہوگی۔

ادائیگی کی آخری تاریخ

وزارت نے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت بکنگ کرانے کے خواہش مند افراد کو ہدایت کیہے کہ وہ باقی نشستوں پر جلد از جلد اپنی بکنگ مکمل کریں۔ بکنگ کے لیے پاک حج موبائل ایپ یا حج ڈیجیٹل پورٹل استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ترجمان نے خبردار کیا کہ حج واجبات صرف سرکاری حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے جمع کرائے جائیں۔ کسی فرد یا کمپنی کو براہ راست رقم ادا کرنے سے گریز کیا جائے۔

 یہ بھی پڑھیں :سرکاری حج اسکیم، دوسری قسط کی ادائیگی کی حتمی تاریخ سامنے آگئی

وزارت کے مطابق کسی شخص یا کمپنی کو براہ راست ادائیگی کی صورت میں مالی لین دین کی ذمہ داری وزارت مذہبی امور پر عائد نہیں ہوگی۔

عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پرائیویٹ حج کی بکنگ اور واجبات کی ادائیگی 20 نومبر سے پہلے مکمل کریں۔ اس اقدام کا مقصد مالی معاملات میں شفافیت برقرار رکھنا اور حج انتظامات بروقت مکمل کرنا ہے۔

editor

Related Articles