وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان سمیت تمام قیدیوں کو اسلام آباد کی نئی ماڈل جیل منتقل ہونا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ماڈل جیل مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد اسلام آباد انتظامیہ اس حوالے سے فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام قیدیوں کو نئی ماڈل جیل منتقل ہونا ہے، جن میں بانی پی ٹی آئی بھی شامل ہوں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی واپسی پر کوئی بات نہیں ہوگی اور خیبرپختونخوا حکومت کا چیپٹر بند ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کا مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے اور انہوں نے تحریک انصاف کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ماڈل جیل کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور اس کا جلد افتتاح کیا جائے گا، جس کے بعد قیدیوں کو نئی جیل میں منتقل کرنے کا عمل شروع ہوگا۔
محسن نقوی نے اسلام آباد ماڈل جیل کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی انہوں نے اسلام آباد میں جیل کی تعمیر کے منصوبے میں خصوصی دلچسپی لی تھی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ مکمل ہو گیا ہے اور اب اس کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔ ان کے مطابق افتتاح کے بعد قیدیوں کو نئی جیل میں منتقل کیا جائے گا۔
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ممکنہ منتقلی سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ جو قیدی اسلام آباد کا ہوگا، اسے اس جیل میں منتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اس کے افتتاح اور قیدیوں کی منتقلی کے مراحل آگے بڑھائے جائیں گے۔