تورخم: پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے غیر ملکی اسلحے کی بڑی کھیپ پاکستان میں سمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق 8 جنوری 2025 کو غلام خان بارڈر ٹرمینل پر اسلحہ بردار ٹرک قبضے میں لیا گیا، جس سے 26 ایم 16 رائفلیں، 292 میگزین اور 10 ہزار سے زائد گولیاں برآمد ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق اس اسلحہ کی پیکنگ افغانستان میں کی گئی تھی اور یہ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے والا تھا۔ دہشت گردی کے واقعات میں غیر ملکی اسلحے کے استعمال کا ریکارڈ موجود ہے، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے مسلسل استعمال ہو رہی ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی ملی بھگت اور افغان چیک پوسٹوں کی جانب سے سہولت کاری اس بات کا ثبوت ہیں کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہ پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں۔ اس اسلحہ کھیپ کی برآمدگی افغانستان میں دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کے لیے افغان عوام کے لیے مزید مشکلات کا باعث بنے گی۔