آسٹریلیا میں ایک اطالوی شیف کو پیزا پر انناس ڈالنے سے انکار کرنا مہنگا پڑ گیا۔ ریسٹورنٹ انتظامیہ نے اسے ملازمت سے ہی فارغ کر دیا۔
یہ دلچسپ واقعہ آسٹریلیا کی ریاست کوئنزلینڈ کے ایک ریسٹورنٹ ’’لا کوسٹا‘‘ میں پیش آیا، جہاں اطالوی شیف ڈیوڈ تمبوریلا نے پیزا پر پائن ایپل یعنی انناس ڈالنے کو اپنی ثقافت کی توہین قرار دیتے ہوئے ایسا پیزا بنانے سے انکار کر دیا۔
ریسٹورنٹ کے مالک کے مطابق ایک گاہک نے تقریب کے دوران 15 ہزار آسٹریلوی ڈالر سے زیادہ رقم خرچ کی تھی اور ہیم و انناس والا پیزا تیار کرنے کی فرمائش کی تھی، لیکن شیف نے یہ آرڈر قبول کرنے سے صاف انکار کر دیا۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ شیف اس سے پہلے بھی دو مرتبہ انناس والا پیزا بنانے سے انکار کر چکے تھے۔ مسلسل انکار کے بعد انہیں گزشتہ مئی میں ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔
دوسری جانب شیف ڈیوڈ تمبوریلا نے اپنی برطرفی کو غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے آسٹریلیا کے فیئر ورک کمیشن سے رجوع کیا، تاہم کمیشن نے مقررہ مدت گزرنے کے بعد درخواست دائر کرنے پر ان کا کیس مسترد کر دیا۔ یوں پیزا پر انناس ڈالنے کا ایک معمولی سا تنازع اطالوی شیف کے لیے ملازمت سے محرومی اور قانونی کارروائی کا سبب بن گیا۔