زمین کی قیمتوں میں بڑا فرق، ایف بی آر نے مختلف علاقوں کے الگ الگ نرخ مقرر کر دیے

زمین کی قیمتوں میں بڑا فرق، ایف بی آر نے مختلف علاقوں کے الگ الگ نرخ مقرر کر دیے

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں جائیدادوں کی سرکاری قیمتوں کے تعین کا طریقہ تبدیل کر دیا ہے، جبکہ ایبٹ آباد میں رہائشی اور کمرشل پراپرٹی کے لیے نئی قیمتیں بھی مقرر کر دی گئی ہیں۔

ایف بی آر کی جانب سے یہ فیصلے 5 نومبر 2026 کو جاری کیے گئے 2 نوٹیفکیشنز کے ذریعے کیے گئے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں جائیدادوں کی قیمتیں اب ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے بجائے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو یا ڈسٹرکٹ کلکٹر کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ تازہ ترین نرخوں کے مطابق مقرر ہوں گی۔

دوسری جانب ایبٹ آباد کے لیے بھی جائیدادوں کی نئی فیئر مارکیٹ ویلیوز مقرر کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:نوجوان آگے آئیں،حکومت مواقع فراہم کرے گی،محسن نقوی کا کاروباری طبقے کو پیغام

ایبٹ آباد میں رہائشی پلاٹس کے نئے نرخ

ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق مین بازار، صدر بازار، جناح مسجد بازار، صرافہ بازار، گردوارہ گلی اور کچہری روڈ میں رہائشی کھلے پلاٹ کی قیمت 12 لاکھ 50 ہزار روپے فی مرلہ مقرر کی گئی ہے۔ ایبٹ آباد بازار میں یہ قیمت 9 لاکھ 70 ہزار روپے، جبکہ اقبال روڈ پر 8 لاکھ روپے فی مرلہ ہوگی۔

کمرشل پلاٹس کی قیمت کہاں سب سے زیادہ؟

کمرشل جائیدادوں میں مین بازار اور اس سے ملحقہ مخصوص علاقوں کے نرخ سب سے زیادہ مقرر کیے گئے ہیں، جہاں ایک مرلہ پلاٹ کی قیمت 58 لاکھ روپے ہوگی۔

ایبٹ آباد بازار میں کمرشل پلاٹ کی قیمت 44 لاکھ روپے فی مرلہ، جبکہ فوارہ چوک سے میان جی ہوٹل تک مانسہرہ روڈ پر 40 لاکھ روپے فی مرلہ مقرر کی گئی ہے۔

جناح آباد میں 31 لاکھ، حویلیاں بازار اور نتھیا گلی مین روڈ پر 30 لاکھ، جبکہ کالج روڈ منڈیاں، اولڈ کالج روڈ منڈیاں، کامسیٹس روڈ، مری روڈ اور چھانگلہ گلی میں 25 لاکھ روپے فی مرلہ نرخ مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھی:پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں گرتے ہی بڑا اعلان، ٹرانسپورٹرز نے بھی   خوشخبری سنا دی

پرانی اور نئی عمارتوں کی قیمتوں کا الگ حساب

نوٹیفکیشن میں تعمیر شدہ رہائشی اور کمرشل عمارتوں کے لیے بھی عمر کے لحاظ سے فی مربع فٹ قیمتیں مقرر کی گئی ہیں۔ 5 سال تک پرانی عمارت کے لیے 2 ہزار روپے فی مربع فٹ، پانچ سے دس سال تک پرانی عمارت کے لیے ایک ہزار روپے، جبکہ دس سال سے زیادہ پرانی عمارت کے لیے 500 روپے فی مربع فٹ قیمت مقرر کی گئی ہے۔

ایف بی آر کے ان فیصلوں سے اسلام آباد کے دیہی علاقوں اور ایبٹ آباد میں جائیدادوں کی سرکاری ویلیوایشن کے طریقہ کار میں تبدیلی آئے گی۔

editor

Related Articles