حکومت نے پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کے لیے ایک اہم اور انقلابی سہولت متعارف کرا دی ہے جس کے تحت آن لائن پاسپورٹ درخواست جمع کروانے والوں کو اب فنگر پرنٹس کی تصدیق کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔
اس نئے نظام کا مقصد شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ اور پاسپورٹ کے اجرا کے عمل کو مزید آسان، شفاف اور تیز بنانا ہے، آن لائن پاسپورٹ درخواست گزاروں کو فنگر پرنٹس ویریفکیشن میں مختلف مسائل کا سامنا تھا، جس کی وجہ سے درخواستوں کی پراسیسنگ میں تاخیر ہو رہی تھی۔
ان مسائل کے حل کے لیے نادرا کے تعاون سے پاک آئی ڈی ایپ پر فنگر پرنٹس کی تصدیق کا ایک جدید اور مؤثر نظام متعارف کروایا گیا ہے۔
نئے نظام کے تحت اب شہری گھر بیٹھے اپنے موبائل فون کے ذریعے پاک آئی ڈی ایپ استعمال کرتے ہوئے فنگر پرنٹس کی تصدیق کر سکیں گے۔ یہ تصدیق براہِ راست نادرا کے محفوظ ڈیٹا سے کی جائے گی جس سے جعلی اندراجات کے امکانات کم اور نظام پر اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
اس سہولت کے بعد شہریوں کو فنگر پرنٹس کی تصدیق کے لیے پاسپورٹ دفاتر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی،حکام کے مطابق اس اقدام سے آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کی پراسیسنگ میں نہ صرف شفافیت آئے گی بلکہ رفتار بھی نمایاں طور پر بہتر ہوگی۔
اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کا قیمتی وقت بچے گا اور سفر و دیگر اخراجات میں بھی واضح کمی آئے گی ، ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ سے سرکاری نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔عوام کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،یہ نیا فنگر پرنٹس ویریفکیشن سسٹم اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔