پاکستان میں گاڑیاں بنانے والی کمپنی ہنڈائی نشاط نے Elantra 1.6 Special Edition کے خریداروں کے لیے اہم سہولت کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق گاڑی کی ڈیلیوری رواں ماہ اگست سے شروع ہوچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس گاڑی کی ابتدائی ایکس فیکٹری قیمت 64 لاکھ 49 ہزار روپے مقرر کی گئی تھی، جبکہ بکنگ کے لیے 15 لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے تاہم خریداروں کے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ مکمل ادائیگی کرنے والوں کو پرائس لاک کی سہولت دی جائے گی۔
اس سہولت کے تحت اگر مستقبل میں گاڑی کی قیمت میں اضافہ بھی ہوتا ہے تو مکمل ادائیگی کرنے والے خریداروں سے اضافی رقم وصول نہیں کی جائے گی ، یوں خریدار موجودہ قیمت پر گاڑی حاصل کر سکیں گے اور ممکنہ قیمت اضافے سے محفوظ رہیں گے۔
گاڑی کی خصوصیات
ہنڈائی نشاط نے Elantra 1.6 Special Edition کو رواں سال مئی میں متعارف کرایا تھا ، گاڑی میں 1.6 لیٹر MPI پیٹرول انجن دیا گیا ہے، جو 126 ہارس پاور اور 155 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے، جبکہ اس کے ساتھ 6 اسپیڈ آٹومیٹک گیئر باکس موجود ہے۔
گاڑی میں ہیڈ لائٹس اور ڈی آر ایل، ایل ای ڈی بیک لائٹس، پاورڈ سن روف، اسمارٹ انٹری، پش اسٹارٹ، 8 وے پاور ڈرائیور سیٹ، کروز کنٹرول اور وائرلیس موبائل چارجر سمیت مختلف جدید سہولیات شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اس میں اسپورٹ، اسمارٹ، ECO اور نارمل ڈرائیو موڈز، پچھلی نشستوں کے لیے اے سی وینٹس، اسمارٹ ٹرنک ریلیز اور ریئر اسپوائلر بھی دیا گیا ہے۔ کمپنی گاڑی کے ساتھ 4 سال یا ایک لاکھ کلومیٹر کی وارنٹی بھی فراہم کر رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق Elantra 1.6 Special Edition ایسے صارفین کے لیے پیش کی گئی ہے جو 70 لاکھ روپے سے کم میں جدید اور پریمیم فیچرز والی سیڈان خریدنا چاہتے ہیں، دلچسپی رکھنے والے افراد قریبی Hyundai 3S ڈیلرشپ سے گاڑی کی بکنگ یا مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔