ٹرمپ کی ویڈیوز سے ٹیلر سوئفٹ کے گانے غائب، آخر وجہ کیا ہے؟

ٹرمپ کی ویڈیوز سے ٹیلر سوئفٹ کے گانے غائب، آخر وجہ کیا ہے؟

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم اور وائٹ ہاؤس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی جانے والی بعض ویڈیوز سے معروف امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے گانے ہٹا دیے گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس اور ٹیلر سوئفٹ کے نمائندوں نے گانے ہٹائے جانے کے معاملے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ وضاحت نہیں دی۔ یہ بھی واضح نہیں کہ ویڈیوز سے موسیقی ہٹانے کا فیصلہ کس بنیاد پر کیا گیا اور آیا گلوکارہ یا ان کی ٹیم کی جانب سے اس حوالے سے کوئی اعتراض کیا گیا تھا۔

ٹیلر سوئفٹ اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سیاسی اختلافات کئی برس سے جاری ہیں۔ 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات میں سوئفٹ نے ٹرمپ کی حریف ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کی حمایت کی تھی، جبکہ 2020 کی انتخابی مہم کے دوران بھی انہوں نے ٹرمپ کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:نمرہ خان کے مشکل وقت میں ساتھی اداکارہ سامنے آگئیں، مومل خالد نے کیا کہا؟

کملا ہیرس کی حمایت کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹیلر سوئفٹ کے خلاف سخت ردعمل دیا تھا اور سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں تنقیدی بیانات جاری کیے تھے۔

تاہم ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے فنکاروں کی موسیقی کے استعمال پر اعتراض صرف ٹیلر سوئفٹ تک محدود نہیں۔ سبریانا کارپنٹر، اریانا گرانڈے سمیت دیگر معروف فنکار بھی اپنی موسیقی کو ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے استعمال کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔

حالیہ دنوں میں ٹرمپ مہم کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں بھی ٹیلر سوئفٹ کے 2 گانوں کے حوالے سے مواد شامل کیا گیا تھا۔ ویڈیو میں گانوں کے عنوانات اور بول کو سیاسی تناظر میں تبدیل کرکے ٹرمپ کی پالیسیوں اور ان کے سیاسی مخالفین پر طنز کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:شوٹنگ کے دوران شہناز گل کے ساتھ خوفناک حادثہ، ناک کی بالی نگل گئیں

اس سے قبل جون میں ٹرمپ مہم کی جانب سے ایک مختصر ویڈیو میں ٹیلر سوئفٹ کے ایک نئے گانے کو پس منظر میں استعمال کیا گیا تھا۔ ویڈیو میں ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں بچوں سے ملاقات، یو ایف سی مقابلے کے دوران رقص اور ایک سیاسی ریلی سے خطاب کرتے دکھایا گیا تھا۔

اپریل میں وائٹ ہاؤس کے ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری ویڈیو میں آرٹیمس ٹو مشن کے عملے کی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے مناظر دکھائے گئے تھے، جس میں سوئفٹ کا گانا ’ہائی انفائیڈیلیٹی‘ بھی شامل تھا۔

اسی طرح گزشتہ نومبر میں وائٹ ہاؤس کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر نشر ہونے والی ایک ویڈیو میں سوئفٹ کے البم ’دی لائف آف اے شوگرل‘ کا گانا ’دی فیٹ آف اوفیلیا‘ استعمال کیا گیا تھا۔ ویڈیو میں امریکی پرچم، قومی یادگاروں اور صدر ٹرمپ کی مختلف تصاویر شامل تھیں۔

یہ بھی پڑھیں :معروف پاکستانی اداکار علی رضا کے والد انتقال کرگئے

ٹرمپ انتظامیہ کی کمیونیکیشن ٹیم حالیہ عرصے میں مقبول گانوں کو سیاسی اور حکومتی سرگرمیوں کی ویڈیوز کے ساتھ جوڑ کر سوشل میڈیا مواد تیار کرتی رہی ہے۔ ان ویڈیوز میں امیگریشن پالیسی، ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں اور وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو کی گرفتاری جیسے معاملات بھی اجاگر کیے گئے ہیں۔

ٹیلر سوئفٹ کے گانوں کا ٹرمپ مہم اور وائٹ ہاؤس کی ویڈیوز میں استعمال، اور اب بعض ویڈیوز سے ان کا ہٹایا جانا، سیاسی مہمات میں معروف فنکاروں کی موسیقی کے استعمال کے معاملے کو ایک بار پھر بحث میں لے آیا ہے۔

تاہم سوئفٹ یا وائٹ ہاؤس کی جانب سے باضابطہ وضاحت سامنے نہ آنے کے باعث یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ویڈیوز سے گانے ہٹانے کی اصل وجہ کیا ہے۔

editor

Related Articles