قدرت کا حیرت انگیز شاہکار، پہاڑ انسانی سر جیسا دکھائی دینے لگا

قدرت کا حیرت انگیز شاہکار، پہاڑ انسانی سر جیسا دکھائی دینے لگا

سعودی عرب کے حائل ریجن میں قدرت کا ایک منفرد شاہکار سیاحوں کی توجہ حاصل کر رہا ہے، جہاں ’کوہ اجا‘ کے سلسلے میں واقع ایک پہاڑ اپنی حیرت انگیز چٹانی ساخت کے باعث دور سے انسانی سر جیسا دکھائی دیتا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ منفرد پہاڑ حائل ریجن کے جنوب مغربی علاقے میں واقع گاؤں ’اباالحیران‘ سے تقریباً 120 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔ قدرتی ساخت کے باعث اسے ’جبل ابوالہول‘ کا نام دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ہزاروں برس کے دوران تیز ہواؤں، بارشوں اور مختلف موسمی اثرات نے پہاڑ کی چٹان کو اس انداز میں تراشا کہ ایک مخصوص زاویے سے دیکھنے پر یہ انسانی سر سے مشابہ دکھائی دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:شادی یا دولت کی نمائش,مہمانوں کو کیا کیا ملا؟

تاریخ اور فلکیات کے ماہر مشاری النشمی کے مطابق اس علاقے کی ارضیاتی ساخت غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ پہاڑ کے اطراف مختلف شکلوں اور جسامت کی متعدد چٹانی تشکیلیں بھی موجود ہیں، جو طویل عرصے تک جاری رہنے والے قدرتی اور کیمیائی موسمی اثرات کے نتیجے میں وجود میں آئی ہیں۔

ماہر کے مطابق بارش، نمی، ہوا اور دیگر قدرتی عوامل نے ان چٹانوں کی ساخت کو مسلسل تبدیل کیا، جس کے نتیجے میں یہاں مختلف نوعیت کی حیرت انگیز چٹانی شکلیں پیدا ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایک بچے کی ضد نے درجنوں مسافروں کو رات ایئرپورٹ پر گزارنے پر مجبور کردیا

’جبل ابوالہول‘ کی ایک دلچسپ خصوصیت یہ بھی ہے کہ اسے مختلف فاصلے اور زاویوں سے دیکھنے پر اس کی شکل مختلف محسوس ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ مقام قدرتی مناظر اور منفرد ارضیاتی تشکیلوں میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے خاص کشش رکھتا ہے۔

حائل ریجن کا یہ قدرتی مقام نہ صرف علاقے کی ارضیاتی تاریخ کی عکاسی کرتا ہے بلکہ سعودی عرب میں موجود ان منفرد قدرتی مقامات میں بھی شامل ہوگیا ہے جہاں قدرت نے ہزاروں سال کے دوران چٹانوں کو حیرت انگیز شکلیں عطا کی ہیں۔

editor

Related Articles