آسٹریلیا کے سابق اسٹار کرکٹر ڈیوڈ وارنر کو شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرم میں عدالت نے سزا سنا دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سڈنی کی عدالت نے سابق آسٹریلوی اوپنر پر 1500 آسٹریلوی ڈالر جرمانہ عائد کیا ہے۔ ڈیوڈ وارنر نے رواں سال اپریل میں گرفتاری کے بعد عدالت میں اپنا جرم تسلیم کیا تھا۔
عدالت کے مطابق وارنر ایسٹر کے موقع پر ایک تقریب کے بعد اپنے اہلخانہ کو گھر لے جا رہے تھے کہ راستے میں شراب کی جانچ کے لیے قائم چیک پوسٹ دیکھ کر انہوں نے گاڑی روک دی۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وارنر نے پولیس کی جانب سے کارروائی کے دوران ایک خاتون مسافر کے ساتھ نشست تبدیل کرنے کی کوشش بھی کی تھی۔
سماعت کے دوران جج کلیئر فارنان نے کہا کہ ڈیوڈ وارنر کے دوبارہ اسی نوعیت کا جرم کرنے کا امکان کم ہے، تاہم نیو ساؤتھ ویلز میں سڑک حادثات کی ایک بڑی وجہ اب بھی شراب پی کر گاڑی چلانا ہے۔ عدالت نے گاڑی میں بچوں کی موجودگی کو بھی جرم کی سنگینی میں اضافے کا باعث قرار دیا۔
عدالت نے ڈیوڈ وارنر کو اپنی گاڑی میں انٹرلاک ڈیوائس نصب کرنے کا بھی پابند کیا ہے۔ یہ ڈیوائس ڈرائیور کے جسم میں الکحل کی موجودگی کا پتا چلنے کی صورت میں گاڑی اسٹارٹ ہونے سے روک دیتی ہے۔