پاکستان کے 11 سالہ فائٹر اورنگزیب تاثیر نے انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس، ایم ایم اے ورلڈ کپ میں شاندار آغاز کرتے ہوئے اپنا پہلا مقابلہ جیت لیا۔
ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سب سے کم عمر فائٹر اورنگزیب تاثیر نے دلچسپ مقابلے میں 12 سالہ جنوبی افریقی فائٹر روبن پریٹوریئس کو شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنالی۔اورنگزیب تاثیر اب اپنے اگلے مقابلے میں ازبکستان کے فائٹر دولت بیگ عالموف کے مدمقابل ہوں گے۔
انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس ورلڈ کپ میں 82 ممالک سے ایک ہزار سے زائد ایتھلیٹس شرکت کررہے ہیں، جس کے باعث یہ مقابلہ عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
اگر اورنگزیب تاثیر اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب ہوگئے تو پاکستان پہلی بار انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس ورلڈ کپ کا چیمپئن بن سکتا ہے۔