رونالڈو کی شادی کی خبر نے مداحوں کو چرچ پہنچا دیا، حقیقت کیا نکلی؟

رونالڈو کی شادی کی خبر نے مداحوں کو چرچ پہنچا دیا، حقیقت کیا نکلی؟

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہ نے سیکڑوں مداحوں کو پرتگال کے شہر فنشال میں ایک چرچ کے باہر پہنچا دیا، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ شادی رونالڈو کی نہیں بلکہ ایک عام جوڑے کی تھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا اور مختلف میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ کرسٹیانو رونالڈو اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز کے ساتھ ہفتے کے روز پرتگال کے جزیرے میڈیرا کے شہر فنشال میں شادی کرنے والے ہیں۔

اگرچہ رونالڈو کے خاندان کی جانب سے ان خبروں کی تردید بھی کردی گئی تھی، لیکن اس کے باوجود بڑی تعداد میں مداح اپنے پسندیدہ فٹبالر کی شادی دیکھنے کی امید میں فنشال کے تاریخی سی کیتھیڈرل کے باہر جمع ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں:شادی یا دولت کی نمائش,مہمانوں کو کیا کیا ملا؟

مداح کئی گھنٹوں تک موبائل فونز اور کیمروں کے ساتھ چرچ کے باہر موجود رہے۔ انہیں امید تھی کہ رونالڈو اور جارجینا شادی کے لیے وہاں پہنچیں گے۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد حقیقت سامنے آگئی۔ معلوم ہوا کہ چرچ میں ہونے والی تقریب کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا کی نہیں بلکہ نکول نامی خاتون اور ان کے ہونے والے شوہر فابیوں کی شادی تھی۔

فابیوں پہلے ہی چرچ پہنچ چکے تھے جبکہ دلہن نکول کو بڑی تعداد میں صحافیوں اور مداحوں کی موجودگی کے باعث چرچ میں داخل ہونے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی ظریف خان نے امریکا میں ایسا کیا کیا کہ ان کا مجسمہ نصب کردیا گیا؟

سی کیتھیڈرل کی انتظامیہ نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر جوڑے کو شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے بتایا کہ چرچ کے باہر بڑی تعداد میں صحافیوں اور سیاحوں کی موجودگی کے باعث غیر معمولی صورت حال پیدا ہوگئی تھی۔انتظامیہ کے مطابق صورتحال اس حد تک غیر معمولی ہوگئی کہ بالآخر چرچ کے دروازے بند کرکے شادی کی تقریب منعقد کرنا پڑی۔

چرچ کی جانب سے ایک اور پوسٹ میں کہا گیا کہ سی کیتھیڈرل کے باہر اس نوعیت کا منظر اس سے قبل کبھی نہیں دیکھا گیا، جبکہ دلہن کے لیے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے چرچ میں داخل ہونا بھی انتہائی مشکل ہوگیا تھا۔

دوسری جانب شادی میں شریک مہمانوں نے بھی اس دلچسپ صورتحال پر حیرت کا اظہار کیا۔ ایک مہمان نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اس موقع پر انہیں خود کو کسی مشہور شخصیت جیسا محسوس ہورہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں :11 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی لاٹری ٹکٹ کچرے میں پھینک دی، حیران کن وجہ سامنےآگئی

مہمان نے یہ بھی سوال کیا کہ لوگ کیسے یہ سوچ سکتے ہیں کہ کرسٹیانو رونالڈو بغیر کسی سکیورٹی کے اس مقام پر اپنی شادی کریں گے۔ دلچسپ واقعے پر خود کرسٹیانو رونالڈو بھی خاموش نہ رہ سکے۔ فٹبالر نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے کمنٹ میں ہنستے ہوئے آنسوؤں والے ایموجیز کے ذریعے اس صورت حال پر اپنا ردعمل ظاہر کیا۔

یوں رونالڈو کی شادی کی ایک افواہ نے نہ صرف سیکڑوں مداحوں کو چرچ تک پہنچا دیا بلکہ ایک عام جوڑے کی شادی کو بھی غیر معمولی میڈیا توجہ حاصل ہوگئی۔

editor

Related Articles