ڈی پی او مری نے سال نو کی آمد کے موقع پر عوام اور سیاحوں کے لیے اہم پیغام جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ مری میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کی جائے گی جس کا اطلاق 31 دسمبر سے یکم جنوری تک رہے گا اس دوران مال روڈ اور جی پی او چوک میں صرف فیملیز کو داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ بغیر فیملی افراد کے مال روڈ میں داخلے پر پابندی ہوگی۔ بغیر فیملی والے افراد سال نو کی تقریبات دیگر علاقوں، گلیات اور تفریحی مقامات پر منا سکیں گے۔
ڈی پی او مری نے عوام کو خبردار کیا کہ ہوائی فائرنگ، آتشبازی، شراب نوشی اور ہلڑبازی پر مکمل پابندی ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، انہوں نے سیاحوں اور مقامی افراد سے کہا کہ وہ ٹریفک قوانین اور پولیس کی ہدایات پر مکمل عمل کریں اور کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں فوری طور پر 15 پر رابطہ کریں۔
ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے بھی کہا ہے کہ دفعہ 144 یکم جنوری تک جاری رہے گی اس دوران سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور جلسے جلوسوں یا کسی بھی قسم کے عوامی اجتماعات پر پابندی ہوگی، سال نو کی رات ہر قسم کی اجتماعات کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ اور آتشبازی پر بھی مکمل پابندی ہوگی، مزید کہا گیا کہ میوزک، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال، ہلڑبازی اور ون ویلنگ پر بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
اس اقدام کا مقصد مری اور راولپنڈی میں عوام اور سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور ممکنہ حادثات یا بدامنی سے بچنا ہے، پولیس اور انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہدایات پر عمل کریں اور محفوظ اور پرامن انداز میں سال نو کی تقریبات منائیں۔
سال نو کے موقع پر مری کے مختلف علاقوں میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ ٹریفک، سکیورٹی اور عوامی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے، انتظامیہ نے کہا کہ یہ پابندیاں عارضی ہیں اور صرف عوام کی حفاظت اور امن و امان قائم رکھنے کے لیے نافذ کی گئی ہیں۔