پاکستانی خواتین کو دنیا کی سب سے بڑی صرف خواتین کے لیے منعقد ہونے والی میراتھن، ناگویا ویمنز میراتھن 2027 میں شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے۔ میراتھن جاپان کے شہر ناگویا میں 14 مارچ 2027 کو منعقد ہوگی، جبکہ بین الاقوامی شرکاء کے لیے رجسٹریشن کا آغاز 11 اگست 2026 سے ہوچکا ہے۔
آئیچی پریفیکچر کے شہر ناگویا میں ہونے والی اس میراتھن کو گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دنیا کی سب سے بڑی خواتین کی میراتھن کے طور پر تسلیم کیا ہے، جبکہ یہ ورلڈ ایتھلیٹکس کی پلاٹینم لیبل روڈ ریس بھی ہے۔
۔2027 کی میراتھن میں دنیا بھر سے 22 ہزار خواتین شرکت کریں گی، جو گزشتہ مقابلوں کے مقابلے میں 2 ہزار زیادہ ہیں۔ شرکاء میں عالمی سطح کی ایتھلیٹس کے ساتھ پہلی بار میراتھن دوڑنے والی خواتین اور تفریحی طور پر دوڑنے والی خواتین بھی شامل ہوں گی۔
میراتھن میں مختلف عمر اور صلاحیتوں کی خواتین حصہ لے سکتی ہیں اور تمام شرکاء کو 42.195 کلومیٹر کا مکمل فاصلہ طے کرنا ہوگا۔ خواتین اپنے پہلے میراتھن مکمل کرنے سے لے کر ذاتی بہترین ریکارڈ قائم کرنے تک مختلف اہداف کے ساتھ دوڑ میں شریک ہوں گی۔
ریس کی ایک منفرد خصوصیت ہر کامیاب خاتون شرکاء کے لیے خصوصی انعام ہے۔ میراتھن مکمل کرنے والی ہر خاتون کو معروف فرانسیسی لگژری برانڈ بکارا کا تیار کردہ خصوصی کرسٹل ٹمبلر دیا جائے گا۔ 2027 کے ٹمبلر کا ڈیزائن میراتھن سے ایک روز قبل ہونے والی میراتھن ایکسپو میں پیش کیا جائے گا۔ منتظمین کے مطابق ریس میں خواتین کے لیے محفوظ اور آرام دہ ماحول فراہم کرنے کے لیے وسیع طبی سہولیات، بڑی تعداد میں واش رومز اور کشادہ چینجنگ ایریاز کا انتظام کیا جائے گا۔
نسبتاً ہموار روٹ کے علاوہ شرکاء کو ریس مکمل کرنے کے لیے 7 گھنٹے کا وقت دیا جائے گا، جس کے باعث مختلف تجربے اور رفتار رکھنے والی خواتین کے لیے اس میں شرکت آسان ہوگی۔ ریس کا آغاز اور اختتام وانٹیلین ڈوم ناگویا میں ہوگا، جو ایک کورڈ بیس بال اسٹیڈیم ہے اور موسم کی شدت سے بھی تحفظ فراہم کرتا ہے۔ منتظمین کے مطابق 2026 کی میراتھن میں 96.6 فیصد شرکاء نے کامیابی سے ریس مکمل کی تھی۔
میراتھن ویک اینڈ کے دوران میراتھن ایکسپو بھی منعقد ہوگی، جس میں تفریحی سرگرمیوں کے علاوہ ’گو رن وے‘ فیشن شو اور ایک معروف گلوکار کی لائیو پرفارمنس بھی شامل ہوگی۔ مردوں کے لیے بھی اسی روز منعقد ہونے والے دیگر مقابلوں میں شرکت کا موقع ہوگا، جن میں ناگویا سٹی میراتھن ہاف میراتھن اور 8.5 کلومیٹر ناگویا رن شامل ہیں۔
بین الاقوامی رجسٹریشن
ناگویا ویمنز میراتھن 2027 کے لیے بین الاقوامی رجسٹریشن 11 اگست 2026 سے شروع ہوگئی ہے۔ ابتدائی رجسٹریشن کا مرحلہ 24 اگست تک جاری رہے گا، جبکہ باقاعدہ رجسٹریشن 25 اگست سے 23 ستمبر 2026 تک ہوگی۔ منتظمین نے بیرونِ ملک سے آنے والی خواتین کے لیے مجموعی طور پر 3,500 نشستیں مختص کی ہیں، جو پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر دی جائیں گی۔ منتظمین نے پاکستانی خواتین سمیت دنیا بھر کی خواتین کو جلد رجسٹریشن کرانے کی ترغیب دی ہے تاکہ وہ اس عالمی سطح کے مقابلے کا حصہ بن سکیں۔
رجسٹریشن اور مزید معلومات ناگویا ویمنز میراتھن کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں