وزیراعظم شہبازشریف کے پیٹرول ریلیف سکیم سے کس طرح فائدہ اٹھا یا جاسکتا ہے ، وفاقی وزرا نے تفصیلات بتادیں۔
وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم نے پیٹرولیم ریلیف کے لیے پروگرام کا اجراء کیا ہے، ٹارگیٹڈ سبسڈی دی جاری ہے ۔
بائیک اور گاڑیوں کیلئے ریلیف
اسلام آباد میں وفاقی وزراء عطاء تارڑ اور علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ٹو ویلر، تھری ویلر اور 800 سی سی تک کی گاڑی والوں کو ریلیف دیا جائے گا، ٹو ویلر کے لیے 20 لٹر پیٹرول پر ریلیف ہے، 800 سی سی تک 30 لٹر پیٹرول پر سبسڈی ہے۔
رجسٹریشن ضروری
انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے توازن رکھنا ہے کہ پروگرام سے زیادہ سے زیادہ شہری مستفید ہوسکیں، یہ پروگرام 2 حصوں میں تقسیم ہے، پہلے حصے میں رجسٹرڈ ہونا ہے۔
شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا ہے کہ آپ نے اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سم سے سی این آئی سی نمبر بھیجنا ہے، پھر آپ نے اپنی بائیک یا گاڑی کی رجسٹریشن بتانی ہے، آپ کو اپنے صوبے یا شہر کا بھی بتانا ہے، صوبہ آپ نے وہ ڈالنا ہے جس میں آپ کی گاڑی یا بائیک رجسٹرڈ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ بائیک یا گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ ضروری ہے، معلومات میں کوئی کمی ہوئی تو میسج آئے گا کہ کیا کمی ہے، یہ پراسس ایک بار ہی کرنا ہے، اس سے آپ رجسٹرڈ ہو جائیں گے، پھر جب آپ پیٹرول لینے جائیں گے تو آپ نے 9771 پر TOK لکھ کر میسج کرنا ہے۔
خصوصی اسکیم کااجرا مستحق لوگوں کے لیے ہے،یہ منفرد اسکیم ہے : عطاتارڑ
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں آج رات 12بجے کے بعد سبسڈی کا اجرا ہوگا،وزارت خزانہ کے ساتھ تمام ادارے مل کرکام کر رہےہیں ،خصوصی اسکیم کااجرا مستحق لوگوں کے لیے ہے،یہ منفرد اسکیم ہے،اپوزیشن کا کام تجویزدینا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم لیوی کم کرتے توامیر لوگ بھی سبسڈی سے فائدہ اٹھاتے،وزیراعظم نے مستحق افراد کیلئے خصوصی ریلیف سکیم کا اجراء کیا،ایسا نظام پہلے کبھی نہیں متعارف کروایا گیا۔
حکومت عوام کو ہرممکن ریلیف فراہم کررہی ہے ، علی پرویز ملک
وفاقی وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم نے 130ارب روپے کی سبسڈی دی ہے، لیوی سےبڑھ کر 100روپے فی لیٹر ریلیف دیا، ہم نے تمام وزرائے اعلیٰ سے مشاورت کی ،سب کواکٹھا کرکے ٹارگٹڈ ریلیف کا نظام ترتیب دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواہشات کی بنیاد پرنظام نہیں چلتا،وزیراعظم نے غریب طبقے کوسبسڈی دی ہے، معاملات کوحل کرنے کی کوشش کررہےہیں،عوام کوجتنا تحفظ اور ریلیف دے سکتے ہیں دیں گے۔
واضح رہے حکومتی اسکیم کے تحت اسلام آباد کے شہری 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب 12 بجے سے جبکہ ملک بھر بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہری 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب 12 بجے سے پیٹرول پر ریلیف حاصل کرسکیں گے۔