بھارت کی اسٹاک مارکیٹ کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرمایہ نکالنے کے باعث شدید دباؤ کا سامنا ہے عالمی معاشی جریدے بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق عالمی سرمایہ کار بھارتی ایکویٹی مارکیٹ سے تقریباً 25 ارب ڈالر نکال چکے ہیں، جس کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کچھ عرصہ قبل تک بھارت کو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایشیا کی پرکشش مارکیٹوں میں شمار کیا جاتا تھا، تاہم حالیہ حالات میں سرمایہ کاروں کا رجحان تبدیل ہوگیا ہے بھارت اب ایشیا کی کم پسندیدہ اسٹاک مارکیٹوں میں شامل ہو چکا ہے۔
غیر ملکی سرمایہ کاروں کے مسلسل انخلا نے بھارتی شیئر مارکیٹ میں موجود غیر ملکی ملکیت کو بھی نمایاں طور پر متاثر کیا ہے، رپورٹ کے مطابق بھارتی اسٹاکس میں غیر ملکی حصص کی ملکیت 17 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
روپے پر دباؤ
سرمایہ کے بڑے پیمانے پر اخراج کے ساتھ بھارتی کرنسی بھی دباؤ کا شکار ہے، ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپیہ مسلسل کمزور ہورہا ہے اور اس کی قدر نئی ریکارڈ کم ترین سطح تک پہنچ گئی ہے،بھارتی روپے کی گرتی ہوئی قدر نے ملک کی مالیاتی مارکیٹ میں تشویش کو مزید بڑھا دیا ہے، کیونکہ کرنسی کی کمزوری درآمدی اخراجات اور مجموعی معاشی صورتحال پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔
رپورٹ میں بھارتی روپے کو اس وقت ایشیائی کرنسیوں میں سب سے زیادہ دباؤ کا سامنا کرنے والی کرنسیوں میں شمار کیا گیا ہے روپے کی مسلسل گراوٹ اور اسٹاک مارکیٹ سے غیر ملکی سرمائے کے اخراج نے بھارتی مالیاتی منڈی کے لیے مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
سرمایہ کاروں کا بدلتا رجحان
بھارتی مارکیٹ سے اربوں ڈالر کا انخلا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ عالمی سرمایہ کار اب بھارت میں سرمایہ کاری کے حوالے سے پہلے جیسا اعتماد نہیں دکھا رہے،غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر حصص فروخت کرنے سے مارکیٹ پر دباؤ بڑھا ہے، جبکہ ملکی کرنسی کی کمزوری نے بھی سرمایہ کاروں کے خدشات میں اضافہ کیا ہے۔
بھارتی معیشت تباہ
اگر غیر ملکی سرمایہ کاری کے اخراج کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو اس کے اثرات بھارتی اسٹاک مارکیٹ سے آگے بھی محسوس کیے جاسکتے ہیں، سرمایہ کے مسلسل انخلا سے روپے پر دباؤ بڑھنے، مالیاتی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ پیدا ہونے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
بھارت جو طویل عرصے سے عالمی سرمایہ کاروں کو اپنی تیزی سے بڑھتی معیشت اور بڑی صارف مارکیٹ کی بنیاد پر متوجہ کرتا رہا ہے، موجودہ صورتحال میں غیر ملکی سرمائے کے انخلا کے ایک مشکل مرحلے سے گزر رہا ہے،25 ارب ڈالر کے اخراج، غیر ملکی ملکیت کے 17 سال کی کم ترین سطح پر پہنچنے اور روپے کی ریکارڈ گراوٹ نے بھارتی مالیاتی مارکیٹ کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔