وفاقی حکومت کا بجلی صارفین کے لیے ایک اور بڑا ریلیف

وفاقی حکومت کا بجلی صارفین کے لیے ایک اور بڑا ریلیف

وفاقی حکومت نے بجلی صارفین کو ایک اور ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، آئی ایم ایف کی شرط پر عائد کی گئی ’کیپٹو پاور لیوی‘ سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے کیپٹو پاور لیوی سے حاصل ہونے والی رقم کو ماہانہ بنیادوں پر بجلی کے نرخ کم کرنے کے لیے استعمال کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماہانہ بنیادوں پر جمع ہونے والی لیوی کی رقم کا فائدہ بجلی صارفین کو 2 ماہ کے وقفے سے منتقل کیا جائے گا، جس سے تمام کیٹیگریز کے صارفین کو ٹیرف میں کمی کی صورت میں ریلیف ملے گا۔ وفاقی کابینہ کیپٹو پاور لیوی سے بجلی صارفین کو ریلیف دینے کی منظوری دے چکی ہے، جبکہ وفاقی حکومت کو توقع ہے کہ لیوی کی شرح میں اضافے کے ساتھ بجلی کے نرخوں میں مزید کمی ممکن ہو سکے گی۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری؛ حکومت کا بلوں سے متعلق تاریخی فیصلہ

 میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان نے کیپٹو پاور لیوی سے بجلی سستی کرنے کا مکمل پلان آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کیا تھا، جس پر اصولی اتفاق رائے کے بعد اس منصوبے پر عملدرآمد کی راہ ہموار ہوئی۔ قانون کے تحت کیپٹو پاور پلانٹس پر مرحلہ وار 20 فیصد تک لیوی عائد کی جا رہی ہے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم براہ راست بجلی صارفین کے ٹیرف میں کمی کے لیے استعمال کی جائے گی۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے جون 2025 میں ’کیپٹو پاور پلانٹس لیوی ایکٹ‘ نافذ کیا تھا، جس کے تحت ابتدائی طور پر کیپٹو پاور پلانٹس پر فوری طور پر 5 فیصد لیوی عائد کی گئی۔ دوسرے مرحلے میں لیوی کی شرح 10 فیصد مقرر کی گئی، جبکہ فروری 2026 میں یہ شرح بڑھا کر 15 فیصد کر دی جائے گی۔ اگست 2026 میں کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی مزید بڑھا کر 20 فیصد کر دی جائے گی۔

قانون کے مطابق لیوی کی عدم ادائیگی پر کیپٹو پاور پلانٹس کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جبکہ مستقل ڈیفالٹ کی صورت میں متعلقہ کیپٹو پاور پلانٹ کو گیس کی فراہمی منقطع کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد صنعتی شعبے کو نیشنل گرڈ پر منتقل کرنا اور گیس کے بہتر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔

مزید پڑھیں:بجلی صارفین کے لئے بڑی خوشخبری، ایک ماہ کا بل معاف، تفصیل جانئے

میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت یکم فروری 2025 سے کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس ٹیرف میں اضافہ کر چکی ہے، کیپٹو پاور پلانٹس کا گیس ٹیرف 3 ہزار روپے سے بڑھا کر ساڑھے 3 ہزار روپے کیا گیا تھا۔ گیس ٹیرف میں اضافے کے بعد ہی کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی عائد کی گئی، جس سے اب عام بجلی صارفین کو ریلیف دینے کی حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

توانائی ماہرین کے مطابق اگر یہ منصوبہ مؤثر انداز میں نافذ ہو گیا تو بجلی کے نرخوں میں بتدریج کمی ممکن ہو سکے گی، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں کمی اور عام صارفین کو خاطر خواہ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

Related Articles