وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے آئندہ 3 روز کے لیے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔
وزارتِ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے 3 اکتوبر سے 5 اکتوبر تک کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 10 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 390 روپے 66 پیسے سے بڑھ کر 392 روپے 76 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 399 روپے 34 پیسے سے بڑھ کر 399 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 3 اکتوبر سے 5 اکتوبر تک ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ عالمی سطح پر پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر عوامل میں تبدیلی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا۔
اس سے قبل یکم اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت میں مسلسل 3 روز کمی کے بعد 3 روپے 26 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 390 روپے 66 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی تھی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مسلسل چوتھے روز ایک روپے 01 پیسے کی کمی کے بعد قیمت 399 روپے 34 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی تھی۔
30 ستمبر کو پیٹرول کی قیمت میں 14 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 89 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔ 29 ستمبر کو پیٹرول ایک روپے 49 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 73 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا۔
28 ستمبر کو پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 27 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 56 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔
25 ستمبر کو حکومت نے 26 سے 28 ستمبر تک کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 02 پیسے اضافہ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 59 پیسے کمی کی تھی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال سے منسلک ہے۔ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی تیل مارکیٹ میں قیمتوں میں تبدیلیاں ہوئی ہیں، جن کے اثرات پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر مرتب ہوئے۔
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ کی بنیاد پر تعین کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاتی اور قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔