ماہرِ علمِ نجوم سامعہ خان نے قومی بلے باز بابر اعظم کی شادی سے متعلق بڑی پیش گوئی کردی ۔
نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی شوبز اور کھیلوں سے وابستہ معروف شخصیات کے مستقبل کے حوالے سے عوامی تجسس میں اضافہ ہو جاتا ہے، جبکہ کرکٹ شائقین خاص طور پر یہ جاننے کے خواہاں ہوتے ہیں کہ پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کے لیے آنے والا وقت کیا پیغام لائے گا۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے معروف ماہرِ علمِ نجوم سامعہ خان نے سیاست، شوبز اور کھیلوں سے تعلق رکھنے والی متعدد نمایاں شخصیات کے بارے میں اپنی پیش گوئیاں پیش کیں، جن میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم بھی شامل تھے۔
سامعہ خان کے مطابق اگر بابر اعظم کی فراہم کردہ تاریخِ پیدائش درست ہے تو سال 2026 ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے نہایت اہم ثابت ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کے زائچے کے مطابق ستارے انہیں محبت کی اجازت تو دیتے ہیں، تاہم شادی کے معاملے میں انہیں ایک سال انتظار کرنا چاہیے کیونکہ فی الحال حالات موزوں نظر نہیں آتے۔
ماہرِ نجوم نے مزید کہا کہ وہ اس بات پر حیران ہیں کہ بابر اعظم خود پر اتنا دباؤ کیوں لیتے ہیں، ان کے مطابق اگر بابر ذہنی دباؤ کم کرنے کے لیے کاؤنسلنگ کروائیں تو وہ زیادہ کھل کر اور بہتر کھیل پیش کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب سامعہ خان نے پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے ایک خوشخبری بھی سنائی، ان کا کہنا تھا کہ رواں سال پاکستان میں کرکٹ ایک بار پھر کم بیک کرے گی اور شائقین مایوسی کا شکار نہیں ہوں گے۔ ان کے مطابق اگر ٹیم ہار بھی گئی تو کم از کم بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے ہارے گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سامعہ خان نے کہا کہ اگر اس ایونٹ کا فیصلہ 16 فروری کے بعد سامنے آیا تو نتیجہ پاکستان کے حق میں آ سکتا ہے، تاہم اگر نتیجہ 16 فروری سے پہلے آیا تو وہ اس معاملے پر خاموشی اختیار کریں گی۔