گرین لینڈ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں،یورپی ممالک نے ٹرمپ کی ٹیرف دھمکیاں مسترد کردیں

گرین لینڈ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں،یورپی ممالک نے ٹرمپ کی ٹیرف دھمکیاں مسترد کردیں

یورپی ممالک نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے تجارتی ٹیرف کی دھمکیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گرین لینڈ کے معاملے پر متحد ہیں اور اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔ اس سلسلے میں ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، نیدرلینڈز، ناروے، سویڈن اور برطانیہ نے مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ ڈنمارک کی حکومت اور گرین لینڈ کے عوام کے ساتھ کھڑا ہونا یورپی ممالک کی ترجیح ہے۔ اس میں یہ بھی کہا گیا کہ ڈنمارک میں ہونے والی فوجی مشقیں کسی بھی ملک کے لیے خطرہ نہیں بلکہ یہ آرکٹک اینڈورنس مشقیں اتحادی ممالک سے مشاورت کے بعد کی گئی ہیں۔

یورپی ممالک نے زور دیا کہ وہ اپنی خودمختاری کو برقرار رکھنے کے لیے متحد رہیں گے اور غیر ضروری تجارتی دباؤ یا دھمکیوں کے تحت اپنی پالیسیوں میں تبدیلی نہیں کریں گے ، یورپی ممالک نے کہا کہ گرین لینڈ کے مسئلے کو امن و تعاون کی بنیاد پر بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے اور کسی بھی تنازعے کو عسکری اقدامات کے ذریعے بڑھانا مناسب نہیں۔

یہ بھی پڑھیں :ٹرمپ کا ڈنمارک سمیت آٹھ یورپی ممالک پر 10 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان

ادھر بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق  یورپی یونین نے امریکہ کے ساتھ طے پانے والے تجارتی معاہدے پر عمل درآمد روکنے کے امکانات پر غور شروع کر دیا ہے  اورکہا ہے کہ موجودہ حالات میں تجارتی معاہدے کی منظوری ممکن نہیں اور امریکہ کو اپنی “زیرو ٹیرف” پالیسی مؤخر کرنی چاہیے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ای پی پی اور چند دیگر جماعتیں مل کر یورپی پارلیمنٹ میں اس تجارتی معاہدے کی منظوری روک سکتی ہیں۔

یہ اقدام صدر ٹرمپ کی گرین لینڈ کی حمایت پر 8 یورپی ممالک پر 10 فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی کے بعد سامنے آیا ہے، جس سے یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ یورپی رہنماؤں نے زور دیا ہے کہ اختلافات کے باوجود وہ ایک مضبوط اور متحد موقف اختیار کریں گے تاکہ اپنے عوام اور خطے کی سلامتی کی حفاظت ممکن بنائی جا سکے۔

editor

Related Articles