زمین کا مستقبل داؤ پر، عالمی رہنما موسمیاتی معاہدہ کرنے میں ناکام، کوپ 31 میں اختلافات برقرار

زمین کا مستقبل داؤ پر، عالمی رہنما موسمیاتی معاہدہ کرنے میں ناکام، کوپ 31 میں اختلافات برقرار

دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے بچانے کے لیے عالمی سطح پر ہونے والے مذاکرات کسی بڑے معاہدے کے بغیر ختم ہوگئے۔

 ترکیہ میں منعقدہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 میں فوسل فیولز کے استعمال اور ترقی پذیر ممالک کی مالی معاونت پر اختلافات برقرار رہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق کانفرنس کا اختتام جمعے کو ہونا تھا  تاہم مختلف ممالک کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں اتوار تک جاری رہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :خالی وعدے نہیں، کوپ 31 حقیقی اور قابلِ رسائی موسمیاتی فنڈنگ کا فریم ورک فراہم کرے، شیری رحمان

طویل مذاکرات کے باوجود شرکا کسی ایسے حتمی معاہدے پر متفق نہ ہوسکے جو تمام فریقوں کے لیے قابل قبول ہوتا۔

فوسل فیولز پر اختلافات

کانفرنس کے حتمی مسودے پر یورپی یونین، بحرالکاہل کے جزیرہ ممالک اور دیگر فریقوں نے تحفظات کا اظہار کیا۔

ان کا بنیادی اعتراض یہ تھا کہ مجوزہ دستاویز میں عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی بڑی وجہ بننے والے فوسل فیولز کا براہ راست ذکر شامل نہیں کیا گیا۔

فوسل فیولز میں کوئلہ، تیل اور قدرتی گیس شامل ہیں، جن کے استعمال سے گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج بڑھتا ہے اور عالمی حدت میں اضافہ ہوتا ہے۔

ترقی پذیر ممالک بھی ناراض

دوسری جانب ترقی پذیر ممالک نے امیر ریاستوں کی جانب سے مالی معاونت کے حوالے سے واضح یقین دہانی نہ ملنے پر اعتراض کیا۔

ان ممالک کا مؤقف تھا کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت، شدید موسمی واقعات اور دیگر ماحولیاتی اثرات سے نمٹنے کے لیے انہیں مالی وسائل کی ضرورت ہے، لیکن کانفرنس میں اس حوالے سے کوئی واضح ضمانت سامنے نہیں آسکی۔

عالمی سطح پر مایوسی

رپورٹ کے مطابق ترکیہ میں ہونے والے مذاکرات اقوام متحدہ کی تاریخ کی طویل ترین موسمیاتی کانفرنس بن گئے۔

اس سے قبل 2009 میں کوپن ہیگن میں ہونے والی موسمیاتی کانفرنس کے مرکزی سیاسی معاہدے کو بھی اسی نوعیت کی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

 یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف کوپ 31 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ پہنچ گئے،عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کانفرنس کے نتائج پر گہری مایوسی کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فوسل فیولز سے وابستہ طاقتور مفادات رکھنے والے عناصر سائنسی حقائق کو مسخ کر  نے  کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔

کوپ 31 میں کسی بڑے معاہدے پر اتفاق نہ ہونا موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی عالمی کوششوں کے لیے دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

فوسل فیولز کے استعمال میں کمی اور متاثرہ ترقی پذیر ممالک کی مالی معاونت کے معاملات بدستور حل طلب ہیں۔

editor

Related Articles