کراچی میں یخ بستہ سرد ہواؤں نے موسم یکسر تبدیل کردیا ہے۔ طبی ماہرین نے کہا ہے کہ اسکول جانے والے بچوں کو بہت حفاظتی اقدامات کروائے جائیں جبکہ والدین موٹر سائیکل کی ٹنکی پر بچوں کو ہرگز نا بٹھائیں۔
پاکستان پیڈیا ٹرک ایسوسی ایشن سندھ کے صدر پروفیسر وسیم جمالوی نے موجودہ موسم کے حوالے سے بتایا کہ کراچی میں سرد ہوائیں داخل ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے درجہ حرارت بھی کم ہوگیا ہے۔ شدید سرد لہر غفلت اور لاپرواہی برتنے والوں کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے۔
انہوں نے والدین سے کہا کہ صبح کے اوقات میں اسکول جانے والے بچوں کا سر ڈھانپ کر اور گرم کپڑے پہنا کر اسکول بھیجیں۔ ڈاکٹر وسیم جمالوی نے کہا کہ عام طور پر صبح اور شام کے اوقات میں والدین بچوں کو موٹر سائیکل کی ٹنکی پر بیٹھا کر اسکول چھوڑتے ہیں۔
اس موسم میں سرد ہوائیں چھوٹے بچوں کو شدید متاثر کرسکتی ہیں کیونکہ موٹر سائیکل پر براہ راست سرد ہوائیں بچوں کے سینے، چہرے، ناک کان کے ذریعے جسم میں داخل ہوتی ہیں جو بچوں کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گھروں میں موجود نوازئیدہ بچوں کو اس سخت ترین سرد موسم میں مکمل ڈھانپ کر رکھا جائے اور وہ مائیں جو اپنے نوزائیدہ کو بریسٹ فیڈنگ کراتی ہیں ان کو چاہیے وہ ٹھنڈے یا نارمل پانی سے بھی پرہیز کریں اور پینے کے لئے نیم گرم پانی کا استعمال رکھیں۔ ذرا سے غفلت سے نوزائیدہ کو نزلہ،زکام اور بخار لاحق ہوسکتا ہے۔
پروفیسر خالد شفیع کا کہنا تھا کہ بچوں اور ضیعف العمر افراد گھروں میں رہیں جبکہ آفس جانے والے اورنوجوان حضرات مکمل گرم کپٹروں کے ساتھ سر ڈھانپ کررکھیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو اس موسم میں نیم گرم پانی استعمال کرایا جائے اور بچوں کو گھروں میں ہی رکھا جائے۔ تقریبات میں چھوٹے بچوں کو لے جانے سے گریز کریں کیونکہ رات کے وقت موسم مزید سرد ہورہا ہے۔
ان ماہرین نے بتایا کہ چھوٹے بچوں میں لاپرواہی کی وجہ سے نمونیہ کا مرض بھی تیزی سے پھیل رہا ہے لہذا احتیاط کریں۔ بریسٹ فیڈ کرانے والی مائیں گھر کے گرم مشروبات استعمال کریں ،کھٹی اشیا سے پرہیز کریں، گھر میں تیار کی جانے والی یخنی ،سوپ کا استعمال کرتے رہیں۔ حلق خشک ہونے کی صورت میں نیم گرم پانی کا استعمال رکھا جائے۔
مزید پڑھیں: شیر افضل مروت عمران خان کی رہائی کے لیے میدان میں آگئے، بڑا اعلان کردیا

