اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے،اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن (Overseas Pakistanis Foundation ) نے تعلیمی وظائف کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

 اوپی ایف کی سکیم کے تحت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں اور شریکِ حیات کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس اقدام کو اوورسیز کمیونٹی کے لیے ایک اہم سہولت قرار دیا جا رہا ہے۔

مذکورہ اسکیم کے تحت انٹرمیڈیٹ، گریجویشن (جن میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور انجینئرنگ شامل ہیں) اور ماسٹرز یا ایم ایس پروگرامز میں زیر تعلیم طلبہ درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ درخواست گزار کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے حالیہ امتحانات میں کم از کم 60 فیصد نمبر یا 2.5 سی جی پی اے حاصل کر چکا ہو تاکہ تعلیمی معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔

 یہ بھی پڑھیں :برطانوی حکومت کا تارکین وطن کیلیے سخت پالیسیوں کا اعلان ، سیاسی پناہ کا دورانیہ پانچ سال سے کم کر کے ڈھائی سال کردیا

اس کے علاوہ ایک اہم شرط یہ بھی رکھی گئی ہے کہ طالب علم کے والدین یا شریکِ حیات کا او پی ایف میں رجسٹرڈ ممبر ہونا لازمی ہے جبکہ ان کی ماہانہ آمدنی 2 لاکھ روپے سے زیادہ نہ ہو۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو مالی مدد فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔

ایسے طلبہ جو پہلے سے کسی اور اسکالرشپ سے مستفید ہو رہے ہیں، وہ اس اسکیم کے لیے اہل نہیں ہوں گے ، تاہم، او پی ایف کے مرحوم رجسٹرڈ ممبران کے بچوں کو بھی مخصوص شرائط کے تحت اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کا موقع دیا گیا ہے۔

دلچسپی رکھنے والے امیدوار او پی ایف کی ویب سائٹ سے درخواست فارم ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں یا ملک کے مختلف شہروں میں قائم علاقائی دفاتر سے حاصل کر سکتے ہیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے جس کے بعد کوئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔

editor

Related Articles