پشاور کے رنگ روڈ پر ٹول پلازہ کے قریب پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران صورتحال اس وقت کشیدہ ہو گئی جب مظاہرین اور پولیس آمنے سامنے آ گئے، جس کے نتیجے میں جھڑپوں اور ہنگامہ آرائی کی کیفیت پیدا ہو گئی۔
احتجاج اکا خیل میں اقبال آفریدی کی قیادت میں کیا جا رہا تھا۔ مظاہرین نے سڑک پر دھرنا دے دیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور ماحول بگڑنے لگا۔پی ٹی آئی کے کارکنان ڈنڈے اور سوٹے اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے ،سرکاری عماتوں اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے درمیان براہِ راست آمنا سامنا ہوا۔ اس دوران بعض مشتعل افراد نے ایک پولیس گاڑی کو نقصان پہنچایا جبکہ ایک شہری کی گاڑی سمیت سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے پولیس نے کارروائی کی جس کے بعد علاقے میں مزید تناؤ پیدا ہو گیا۔ اس دوران فائرنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
انتظامیہ کے مطابق امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ کشیدگی کی اصل وجوہات کا تعین کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔