خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ، پی ٹی آئی کا 13 سالہ تاریک دور ختم ،خیبر پختونخوا کے پسے ہوئے عوام میں خوشی کی نئی لہر، گورنر راج اور ایمرجنسی کا نفاذ

خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ،  پی ٹی آئی کا 13 سالہ تاریک دور ختم ،خیبر پختونخوا کے پسے ہوئے عوام میں خوشی کی نئی لہر، گورنر راج اور ایمرجنسی کا نفاذ

خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور امن و امان کی سنگین صورتحال کے پیش نظر صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین پاکستان کے آرٹیکل 232(1) اور آرٹیکل 234(1) کے تحت صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ صدارتی اعلان کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

ایوانِ صدر سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں غیر معمولی شدت کے باعث عوام کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں، جبکہ سرکاری تنصیبات، بنیادی ڈھانچے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر دہشتگرد حملوں میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت دہشت گردی اور لاقانونیت کے مؤثر تدارک کے لیے درکار عزم اور ضروری اقدامات کا مظاہرہ کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اب کوئی گنجائش باقی نہیں بچی،خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کا معاملہ فیصلہ کن مرحلے میں ہے، محسن نقوی

اعلامیے کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا کی رپورٹ میں صوبے میں آئینی نظام کے تعطل اور صوبائی حکومت کے آئین کے مطابق نہ چلنے کی نشاندہی کی گئی تھی۔ رپورٹ کے تناظر میں صدر مملکت نے سنگین صورتحال کے پیش نظر فوری آئینی اقدام کو ناگزیر قرار دیا۔

صدارتی اعلامیے کے اہم نکات کے مطابق صوبائی حکومت کے خاتمے کا حکم: ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وزیراعلیٰ، صوبائی وزراء، مشیران، معاونینِ خصوصی اور ایڈووکیٹ جنرل کو فوری طور پر اپنے عہدے چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔

گورنر راج اور اختیارات کی منتقلی: وفاقی حکومت گورنر خیبر پختونخوا کو صوبائی حکومت کے تمام یا بعض امور اپنے اختیار میں لینے کی ہدایت دے سکے گی، جس کے تحت گورنر وفاق کے تفویض کردہ امور سرانجام دیں گے۔

صوبائی اسمبلی کے اختیارات: صوبائی اسمبلی کے علاوہ دیگر اداروں اور حکام کے اختیارات گورنر استعمال کر سکیں گے، جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے اختیارات پارلیمان یا اس کے تفویض کردہ اختیار کے تحت استعمال کیے جائیں گے۔

وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات صوبے میں امن و امان کی بحالی اور آئینی نظام کو دوبارہ مستحکم کرنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔

اس سے قبل خیبرپختونخوا میں مسلسل بگڑتی امن و امان کی صورتحال، شدید بدانتظامی اور صوبائی حکومت کی ناکامی کے بعد وفاقی حکومت نے تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز سے طویل مشاورت اور کابینہ کی باضابطہ منظوری سے اہم ترین آئینی اقدام اٹھایا۔

وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اتوار کو منقعد ہوا جس میں خیبر پختونخوا کی صورت حال پر تفصیلی جائزہ لیا گیا، وفاقی کابنیہ کے سامنے صوبہ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی کی صورت حال سے متعلق 2 رپورٹس بھی پیش کی گئیں جس کے بعد وفاقی حکومت نے آئین کے ’آرٹیکل 232‘ اور ’آرٹیکل 234‘ کے تحت صوبے میں ایمرجنسی اور ’گورنر راج‘ کے نفاذ کا فیصلہ کیا ۔ 

اس فیصلے کا بنیادی مقصد صوبے میں حکومتی عملداری بحال کرنا، ریاستی اداروں کے مابین ہم آہنگی پیدا کرنا اور بدامنی سے نبرد آزما عوام کو فوری ریلیف اور تحفظ فراہم کرنا ہے۔

دہشتگردی کے ہوشربا اعداد و شمار اور صوبائی حکومت کا کردار

وفاقی کابینہ کو بتایا گیا کہ صوبے میں گزشتہ کئی سالوں سے دہشتگردی کی لہر نے عام شہریوں، تجارتی و تعلیمی سرگرمیوں کو شدید طور پر متاثر کر رکھا ہے۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 1 مارچ 2024 سے 23 ستمبر 2026 تک صوبے میں دہشتگردی کے واقعات میں 195 فیصد تک کا ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

صرف ایک سال کے عرصے میں بدامنی کے 6200 واقعات رونما ہوئے جن میں سیکیورٹی اداروں کے جوانوں سمیت 1200 سے زیادہ افراد شہید ہوئے۔

مزید برآں سال 2026 میں ہونے والے حملوں میں 73 فیصد نشانہ پولیس اہلکار اور سیکیورٹی اداروں کے جوان بنے۔ اس سنگین صورتحال کے پیش نظر تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پر شدید الزامات سامنے آئے کہ وہ دہشتگردی کی روک تھام اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق صوبائی حکومت ایک طرف مبینہ طور پر عناصر کی ہمدرد بنی رہی تو دوسری جانب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی عوام کی فلاح و بہبود کے بجائے سیاسی احتجاج اور ہٹ دھرمی کی پالیسی پر عمل پیرا رہے۔

عوامی توقعات، آئینی اقدامات اور سیاسی ہم آہنگی کا تناظر

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کا نفاذ اور فوج کی دستیابی محض انتظامی تبدیلی نہیں بلکہ صوبے کو گزشتہ 13 سال سے درپیش معاشی و انتظامی بحرانوں سے نکالنے کا اہم ترین موڑ ثابت ہو سکتی ہے۔

اب سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ اس اقدام سے عام شہری کی زندگی پر کیا مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ جہاں وفاق کا یہ قدم سیکیورٹی اور دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن حکمت عملی کا پیش خیمہ ہے، وہی متاثرہ علاقوں میں معاشی و تعلیمی سرگرمیوں کو خوف سے پاک ماحول میں دوبارہ شروع کرنا اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا سب سے بڑی ترجیح ہونی چاہیے۔

سیکیورٹی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ آئین و قانون کی بالادستی اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ برقرار رکھنا اس پورے عمل کی کامیابی کی ضامن ہوگی۔ وفاقی حکومت، صوبائی انتظامیہ اور تمام سیاسی فورسز کے درمیان باہمی تعاون ہی اس فیصلے کو پائیدار امن میں تبدیل کر سکتا ہے۔

13 سالہ سیاسی دور، عوامی توقعات اور حکومتی کارکردگی کا امتحان

خیبرپختونخوا میں 2013 سے تحریک انصاف کی حکومتوں کے طویل سیاسی دور، جس میں نگران حکومتوں کے وقفے بھی شامل رہے، کے دوران امن و امان اور حکمرانی کے معاملات مسلسل سیاسی بحث کا موضوع بنے رہے ہیں۔

وفاقی حکومتی نمائندوں کا مؤقف ہے کہ صوبے میں بدامنی، انتظامی کمزوریوں اور عوامی مسائل سے نمٹنے کے لیے دستیاب مواقع اور وسائل کا مؤثر استعمال نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں:14 اکتوبر تک بارشوں کا الرٹ؛ کن شہروں میں بادل برسیں گے ؟ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

اس کے برعکس صوبائی قیادت وفاقی پالیسیوں، دہشتگردی کے خلاف اقدامات کے طریقہ کار اور صوبائی اختیارات کے تحفظ سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کر کے عدم تعاون کا باعث بنتی رہی ہے۔

اب ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کے تناظر میں صوبے کے عوام کی توقعات ایک مرتبہ پھر امن کی بحالی، دہشتگردی کے خاتمے اور حکومتی کارکردگی میں بہتری سے وابستہ ہوگئی ہیں۔

تاہم کسی آئینی اقدام سے فوری طور پر دہشتگردی ختم ہونے یا تمام انتظامی مسائل حل ہونے کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ ان مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل سیکیورٹی کارروائیوں، سیاسی استحکام اور مؤثر انتظامی اصلاحات کی ضرورت ہوگی۔

خیبرپختونخوا کے عوام کئی برسوں سے دہشتگردی، عدم استحکام اور انتظامی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس لیے ایمرجنسی یا گورنر راج کے حوالے سے ان کی بنیادی توقع یہی ہے کہ خوف کی فضا ختم ہو، امن قائم ہو اور زندگی معمول پر واپس آسکے۔

بالآخر اس پورے معاملے میں سب سے اہم سوال یہ نہیں ہوگا کہ صوبے کے انتظامی اختیارات کس کے پاس ہیں، بلکہ یہ ہوگا کہ ان اختیارات کے استعمال سے عوام کو کتنا تحفظ ملا، دہشتگردی میں کتنی کمی آئی اور خیبرپختونخوا مستقل امن اور استحکام کے کتنے قریب پہنچا ہے۔

عوام کو کیا ریلیف ملے گا، روزمرہ زندگی پر کیا اثرات مرتب ہوں گے؟

خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے سب سے اہم سوال یہ ہے کہ ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ ہونے کی صورت میں ان کی زندگیوں میں کیا عملی تبدیلی آئے گی۔

صوبے میں طویل عرصے سے بدامنی کا سامنا کرنے والے شہری چاہتے ہیں کہ دہشتگردی کے واقعات میں کمی آئے، کاروباری سرگرمیاں بلاخوف جاری رہیں، تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کام کریں اور عوام کو جان و مال کے تحفظ کا احساس حاصل ہو۔

امید کی جا رہی ہے کہ آئینی اقدامات کے نتیجے میں سیکیورٹی اداروں کے درمیان رابطے بڑھانے، پولیس اور انسداد دہشتگردی کے اداروں کی استعداد بہتر بنانے اور دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں مؤثر انتظامی اقدامات کی راہ ہموار ہو جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:آپریشن ردالفتنہ3 : خیبر پختونخوا اوربلوچستان میں کامیاب کارروائیاں، 18 دہشتگرد ہلاک، بھاری اسلحہ برآمد

تاہم عوام کو حقیقی ریلیف اسی وقت حاصل ہوگا جب امن و امان میں قابل قدر بہتری آئے، دہشتگرد حملوں میں کمی واقع ہو، روزگار اور تجارتی سرگرمیاں بحال ہوں اور شہریوں کو بنیادی سہولتیں میسر آئیں۔

دہشتگردی سے متاثرہ اضلاع میں اسپتالوں، تعلیمی اداروں، سڑکوں، مواصلاتی نظام اور دیگر ضروری خدمات کی بہتری بھی امن کی بحالی کا لازمی حصہ ہوگی۔

اس کے ساتھ سیکیورٹی اقدامات کے دوران شہریوں کے بنیادی حقوق، قانون کی بالادستی اور آئینی ضمانتوں کا تحفظ یقینی بنانا بھی ضروری ہوگا۔

Related Articles