سیکیورٹی فورسز نے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر دراندازی ناکام بنا دی ، 12 خوارج اور افغان طالبان ہلاک،نائب صوبیدار وطن پر قربان

سیکیورٹی فورسز نے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر دراندازی ناکام بنا دی ، 12 خوارج اور افغان طالبان ہلاک،نائب صوبیدار وطن پر قربان

ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام 12 خوارج اور افغان طالبان ہلاک، پاک فوج کا نائب صوبیدار شہید سکیورٹی فورسز نے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر خوارج کے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مؤثر جوابی کارروائی میں 12 خوارج اور افغان طالبان کو ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار ہدایت امان نے جامِ شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 اکتوبر 2026 کو ضلع کرم میں پاک افغان سرحد کے قریب خوارج کے ایک گروہ نے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی، جسے سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کو سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کا نشانہ بنایا۔ اس دوران افغان طالبان کی سرحدی پوسٹوں سے بھی دراندازی کرنے والے خوارج کی مدد کے لیے فائرنگ کی گئی۔ سکیورٹی فورسز نے شدید فائرنگ کے تبادلے میں درست اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 12 خوارج اور افغان طالبان کو ہلاک کر دیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق اس کارروائی کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں نائب صوبیدار ہدایت امان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔ شہید نائب صوبیدار ہدایت امان کی عمر 40 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع غذر سے تھا۔ ان کی شہادت وطن کے دفاع اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک فوج کے اہلکاروں کی قربانیوں کا ایک اور ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایمرجنسی تو بنتی ہے ، خیبر پختونخوا میں دو سال کے دوران 6 ہزار 200 دہشت گردی کے واقعات، 1200 اموات

آئی ایس پی آر نے واقعے کو افغان طالبان رجیم کی جانب سے افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکامی کا ایک اور ثبوت قرار دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق افغان طالبان رجیم مسلسل اپنی بین الاقوامی انسدادِ دہشت گردی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ہے، جس کے باعث سرحد پار سے دراندازی اور دہشت گردی کے خطرات بدستور موجود ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز ہائی الرٹ ہیں اور ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے تاکہ علاقے کو مزید خطرات سے پاک کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔ ترجمان کے مطابق پاک فوج کے بہادر جوانوں کی قربانیاں ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں

Qaisar Mirza
editor

Related Articles