امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے نئے فلیگ شپ اسمارٹ فون آئی فون کی متوقع قیمتوں سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں جن کے مطابق نئی لائن اپ کے بعض ماڈلز گزشتہ سیریز کے مقابلے میں مہنگے ہوسکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایپل کی جانب سے آئی فون 18 سیریز ستمبر 2026 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جس میں آئی فون 18، آئی فون 18 ایئر، آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس شامل ہوں گے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئی فون 18 کے بنیادی ماڈل کی قیمت میں اضافے کا امکان موجود ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ عالمی سپلائی چین کے مسائل، خام مال کی بڑھتی قیمتیں اور مختلف خطوں میں جاری جغرافیائی سیاسی کشیدگی کو قرار دیا جا رہا ہے، جس کے باعث مینوفیکچرنگ اور شپنگ اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس متعارف کرائے گئے آئی فون میں کمپنی نے 256 جی بی بیس اسٹوریج متعارف کروائی تھی جبکہ اس سے قبل اسی قیمت پر 128 جی بی ماڈل دستیاب تھا۔ زیادہ اسٹوریج کی سہولت ملنے کے بعد آئی فون 17 کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔
ایپل اپنے منافع کو برقرار رکھنے کیلئے آئی فون 18 کے اسٹینڈرڈ ماڈل کی قیمت بڑھا سکتی ہے تاہم پرو سیریز کے ماڈلز کی قیمتوں میں اضافے کا امکان کم ظاہر کیا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق کمپنی پہلے ہی پرو ماڈلز سے زیادہ منافع حاصل کرتی ہے اسی لیے بڑھتی ہوئی میموری لاگت کے باوجود ان کی قیمتیں مسابقتی سطح پر رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔
دوسری جانب ٹیکنالوجی صارفین میں آئی فون 18 ایئر ماڈل کو لے کر بھی خاصی دلچسپی پائی جا رہی ہےجس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ نسبتاً ہلکا اور جدید ڈیزائن کے ساتھ پیش کیا جاسکتا ہے۔
ایپل کی جانب سے تاحال آئی فون 18 سیریز کی قیمتوں یا فیچرز کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا تاہم عالمی ٹیکنالوجی مارکیٹ میں اس نئی لائن اپ کے حوالے سے بحث تیزی سے جاری ہے۔