ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں اہم پیشرفت،ملزم نے الزامات مسترد کر دئیے

ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں اہم پیشرفت،ملزم  نے الزامات مسترد کر دئیے

اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں مرکزی ملزم عمر حیات نے عدالت میں صحتِ جرم سے انکار کرتے ہوئے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔ کیس اس وقت اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے کی۔ دوران سماعت ملزم کا بیان دفعہ 342 کے تحت قلمبند کیا گیا۔ ابتدائی طور پر ملزم نے وکیل کی عدم موجودگی میں سوالات کے جواب دینے سے انکار کیا تاہم عدالت نے واضح کیا کہ یہ بیان جج اور ملزم کے درمیان قانونی کارروائی کا حصہ ہے۔

سماعت کے دوران عدالت نے ملزم سے مختلف نکات پر سوالات کیے جن میں قتل کا الزام، موبائل فون سے متعلق ریکارڈ، جائے وقوعہ کی لوکیشن، شناخت پریڈ اور مبینہ اعترافی بیان شامل تھا۔ ملزم نے ان تمام الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ اس کا ثنا یوسف سے کسی قسم کا کوئی تعلق یا رابطہ نہیں تھا۔

 یہ بھی پڑھیں :ٹک ٹاکرثناء یوسف کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آگئی

عدالت میں جج کی جانب سے بتایا گیا کہ مقتولہ کے موبائل فون سے “کاکا” کے نام سے محفوظ ایک نمبر سامنے آیا جو بعد ازاں ملزم سے منسلک پایا گیا۔ اس پر ملزم نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ وکیل کی موجودگی کے بغیر اس معاملے پر تفصیلی جواب نہیں دے سکتا۔

ملزم نے عدالت میں یہ بھی کہا کہ اسے اس کیس میں غلط طور پر ملوث کیا گیا ہے اور اس کی گرفتاری شک کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔ اس کے مطابق دوران تفتیش اس سے مختلف دستاویزات پر دستخط بھی کروائے گئے جن پر اسے اعتراض ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :اسلام آباد پولیس نے 17 سالہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قاتل کو گرفتار کرلیا

سماعت کے دوران عدالت میں ویڈیو بنانے کے معاملے پر کچھ دیر کے لیے ماحول میں تلخی بھی دیکھنے میں آئی۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت منگل تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ ثنا یوسف کو گزشتہ سال اسلام آباد میں ان کے گھر کے اندر پیش آنے والے واقعے کے دوران نقصان پہنچا تھا، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کے دوران ملزم کو گرفتار کیا تھا۔ کیس کی آئندہ سماعت پر اہم پیش رفت متوقع ہے۔

editor

Related Articles