پاکستان میں ہیوی بائیکس کے شوقین افراد کے لیے ایک شاندار اور سنسنی خیز خبر سامنے آئی ہے جہاں ملک میں پریمیم موٹر سائیکل مارکیٹ کا نقشہ یکسر بدلنے والا ہے کیونکہ براق آٹو موبائلز (Buraq Automobile) نے اٹلی اور چین کے مشہورو معروف برانڈز کی پاکستان ہی میں اسمبلنگ کا باضابطہ منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
اس پیشرفت کے نتیجے میں مہنگی اور درآمدی بائیکس کی قیمتوں میں لاکھوں روپے کی نمایاں کمی متوقع ہے۔
کمپنی کے سی ای او مبین احمد کے مطابق اسمبلنگ پلانٹ رواں سال دسمبر تک مکمل طور پر تیار ہو جائے گا، جبکہ باقاعدہ پیداوار کا آغاز جنوری 2027 سے متوقع ہے۔
واضح رہے کہ براق آٹو موبائلز اس وقت بینلی (Benelli)، موٹو مورینی (Moto Morini) اور کیو جے موٹر (QJMOTOR) جیسی عالمی سطح پر مقبول بائیکس کی پاکستان میں در آمد اور تقسیم کاری کی ذمہ دار ہے۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں ‘موٹو مورینی’ کی آل ٹریک 450 (Alltrhike 450) ایڈونچر بائیک کو مقامی سطح پر تیار کیا جائے گا، جس کے بعد 300 سی سی ماڈل کی باری آئے گی۔ مزید برآں، کمپنی ایک اور بین الاقوامی برانڈ کی اسمبلنگ کا ارادہ بھی رکھتی ہے جس کا نام فی الحال خفیہ رکھا گیا ہے۔
مقامی سطح پر اسمبلنگ سے امپورٹ ڈیوٹی میں زبردست بچت ہوگی۔ مبین احمد نے بتایا کہ آل ٹریک 450 کی موجودہ در آمدی قیمت 26 لاکھ روپے ہے، لیکن مقامی اسمبلنگ کے بعد یہ تقریباً 23 فیصد تک سستی ہو کر 19.95 لاکھ روپے کی ممکنہ قیمت پر دستیاب ہو سکے گی ، اگر حکومت کی مجوزہ آٹو پالیسی کے تحت سی کے ڈی (CKD) کٹس پر ڈیوٹی مزید کم ہوتی ہے تو بائیکس مزید سستی ہو جائیں گی۔
کمپنی کا ارادہ الیکٹرانک فیول انجیکشن (EFI) انجن سے لیس موٹر سائیکلز بھی متعارف کرانے کا ہے، جو بہترین فیول ایوریج اور شاندار پک اپ کے باعث پاکستانی بائیکرز کی پہلی پسند بنیں گی۔