پاکستانی معیشت کیلئے بڑی خوشخبری، زرمبادلہ ذخائر ساڑھے 22 ارب ڈالر سے تجاوز

پاکستانی معیشت کیلئے بڑی خوشخبری، زرمبادلہ ذخائر ساڑھے 22 ارب ڈالر سے تجاوز

پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور سوا چار سال بعد ملکی ذخائر ایک بار پھر ساڑھے 22 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔

آئی ایم ایف پروگرام کی دو اقساط اور پانڈا بانڈ سے حاصل ہونے والے ڈالرز نے ملکی معیشت کو سہارا دیا جس کے باعث مجموعی ذخائر میں ایک ارب 25 کروڑ ڈالر سے زائد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر بڑھ کر 22 ارب 58 کروڑ 85 لاکھ ڈالر ہو گئے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر میں ایک ارب 21 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر 17 ارب 8 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ، مجموعی قومی ذخائر 21 ارب 33 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئے

دوسری جانب کمرشل بینکوں کے ذخائر میں بھی 3 کروڑ 82 لاکھ ڈالر اضافہ ہوا ہے اور ان کے پاس موجود ڈالر ڈپازٹس 5 ارب 50 کروڑ 75 لاکھ ڈالر ہو گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے بیرونی قرضوں کی کچھ ادائیگیاں بھی کی گئیں تاہم اس کے باوجود ذخائر میں اضافہ معاشی بہتری کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :آئندہ مالی سال پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر17ارب ڈالر سے زائد رہنے کا امکان ہے، آئی ایم ایف

معاشی ماہرین کے مطابق زرمبادلہ ذخائر میں بہتری سے نہ صرف پاکستانی روپے کو استحکام ملنے کا امکان ہے بلکہ عالمی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ معاشی اصلاحات، بیرونی سرمایہ کاری اور عالمی مالیاتی تعاون کے باعث ملکی معیشت بتدریج استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔

editor

Related Articles