پاکستانی کوہ پیما سلمان عتیق نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کر کے ملک کا نام ایک بار پھر روشن کر دیا ہے۔ یہ کامیابی پاکستانی کوہ پیمائی کی تاریخ میں ایک اہم اضافہ قرار دی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سلمان عتیق نے آج صبح 11 بج کر 49 منٹ پر ماؤنٹ ایورسٹ کی سمٹ پر کامیابی سے قدم رکھا۔ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے سلمان عتیق اس تاریخی چوٹی کو سر کرنے والے14 ویں پاکستانی کوہ پیما بن گئے ہیں جس سے ان کا نام قومی ریکارڈ میں شامل ہو گیا ہے۔
نیپال میں واقع ماؤنٹ ایورسٹ دنیا کی بلند ترین چوٹی ہے جس کی بلندی آٹھ ہزار آٹھ سو اڑتالیس میٹر ہے۔ اس دشوار اور خطرناک مہم جوئی کو مکمل کرنا دنیا بھر کے کوہ پیماؤں کے لیے ایک بڑا چیلنج سمجھا جاتا ہے، تاہم سلمان عتیق نے بہترین مہارت اور عزم کے ساتھ یہ سنگ میل عبور کیا۔
رپورٹس کے مطابق سلمان عتیق اس سے قبل بھی اہم کوہ پیمائی مہمات میں حصہ لے چکے ہیں اور گزشتہ سال انہوں نے نیپال میں واقع ماسلو کی چوٹی بھی کامیابی سے سر کی تھی جس کے بعد ان کی یہ نئی کامیابی ان کے تجربے اور صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
اس کامیابی پر کوہ پیمائی کے حلقوں اور کھیلوں سے وابستہ افراد نے سلمان عتیق کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور اسے پاکستان کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ قرار دیا ہے۔