مردہ خاتون عدالت پہنچ گئی ، مرنے کا احوال بتا دیا، واقعہ جان کر سب حیران

مردہ خاتون عدالت پہنچ گئی ، مرنے کا احوال بتا دیا، واقعہ جان کر سب حیران

کراچی میں ایک غیر معمولی معاملہ سامنے آیا ہے جہاں نادرا اور یونین کونسل کے ریکارڈ میں متوفی قرار دی گئی خاتون اپنی زندگی کا ثبوت لے کر سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئی۔

سندھ ہائیکورٹ میں صفیہ بیگم کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ سرکاری ریکارڈ میں اسے مردہ قرار دے دیا گیا ہے اور اس کے نتیجے میں اس کے مرحوم شوہر کی پنشن دوسری جانب وصول کی جا رہی ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صفیہ بیگم کے شوہر کا انتقال ہوچکا ہے اور ان کی تین شادیاں تھیں۔ وکیل کے مطابق نادرا اور یونین کونسل کے ریکارڈ میں صفیہ بیگم کو بھی انتقال کرچکی خاتون ظاہر کیا گیا جس کے بعد پنشن مرحوم شوہر کی پہلی بیوی کو مل رہی ہے۔

نادرا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نادرا آن لائن ریکارڈ کی بنیاد پر تصدیق کرتا ہے اور یونین کونسل کے ریکارڈ میں خاتون کے انتقال کی معلومات موجود تھیں جس کے مطابق دفتری کارروائی آگے بڑھائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی کی قیمت میں بڑا اضافہ، نئی شرح سامنے آگئی

معاملے پر عدالت نے یونین کونسل کے چیئرمین صالح محمد کے 50 ہزار روپے کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ پولیس کو ہدایت کی گئی کہ چیئرمین یونین کونسل کو آئندہ سماعت پر ہر صورت عدالت میں پیش کیا جائے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی۔

یوں ایک طرف خاتون عدالت میں اپنی موجودگی اور زندگی کا ثبوت پیش کر رہی ہیں جبکہ دوسری جانب سرکاری ریکارڈ میں ان کا انتقال درج ہے جس نے نادرا اور یونین کونسل کے ریکارڈ کی درستی اور پنشن کی ادائیگی کے طریقہ کار پر بھی اہم سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles