فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے ملازمین کے لیے اہم مالی ریلیف کی منظوری دے دی گئی، جبکہ اہل پنشنرز کی پنشن میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
فیسکو بورڈ نے وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ نظرثانی شدہ پے اسکیلز، مختلف الاؤنسز اور پنشن میں اضافے سے متعلق اقدامات پر عملدرآمد کی منظوری دے دی۔
فیسکو بورڈ کے 22 اگست 2026 کو ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے مطابق ملازمین کے نظرثانی شدہ بنیادی پے اسکیلز کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا،بورڈ نے BPS-1 سے BPS-22 تک کے ملازمین کے لیے نظرثانی شدہ کنوینس الاؤنس کی شرحیں بھی منظور کرلی ہیں۔
فیصلے کے تحت ملازمین کے لیے ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس 2026 نافذ کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے، اس کے علاوہ خصوصی افراد کے اسپیشل کنوینس الاؤنس میں اضافے کی بھی منظوری دے دی گئی،فیسکو انتظامیہ نے وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے تنخواہوں اور الاؤنسز سے متعلق جاری کیے گئے پانچ اہم نوٹیفکیشنز کو بھی اپنانے کی منظوری دی ہے۔
اجلاس میں اہل پنشنرز کے لیے پنشن میں اضافے کی منظوری بھی دی گئی، جس کا اطلاق متعلقہ حکومتی پالیسی اور مقررہ شرائط کے تحت کیا جائے گا،فیسکو کے مطابق وفاقی حکومت کے 2026 کے پے پیکیج کے تحت نظرثانی شدہ پے اسکیلز اور مختلف الاؤنسز سے حاضر سروس ملازمین کے ساتھ ساتھ اہل پنشنرز کو بھی مالی فوائد حاصل ہوں گے۔
فیسکو بورڈ کے ان فیصلوں کے بعد ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ نئے مالی پیکیج سے ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں مجموعی طور پر بہتری آنے کی توقع ہے۔