اڈیالہ جیل سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ان کی ہمشیرہ نورین نیازی کو ملاقات کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق نورین نیازی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملنے کے بعد وہ اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہوگئی ہیں، آج منگل کو عمران خان سے اہل خانہ اور وکلا کی ملاقات کا مقررہ دن ہے، جس کے باعث ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نورین نیازی کی عمران خان سے ملاقات میں صحت سمیت مختلف امور پر گفتگو متوقع ہے،تاہم ملاقات کے بعد امید کی جارہی ہے کہ نورین نیازی میڈیا ٹاک نہیں کریں گی۔
واضح رہے کہ نورین نیازی نے گزشتہ دنوں بھی عدالتی احکامات کے تحت اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی تھی، 18 اگست کو ہونے والی اس ملاقات کی تصدیق متعدد میڈیا رپورٹس نے کی تھی، جس میں دونوں بہن بھائیوں کے درمیان عمران خان کی صحت اور دیگر معاملات پر گفتگو ہوئی تھی،رپورٹس کے مطابق گزشتہ ملاقات کے دوران نورین نیازی نے عمران خان کو سپریم کورٹ کے احکامات اور عدالتی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا تھا۔
عمران خان سے اہل خانہ کی ملاقاتوں کا معاملہ حالیہ دنوں میں عدالتی احکامات کے باعث اہمیت اختیار کرگیا ہے، سپریم کورٹ نے عمران خان کے علاج، طبی معائنے اور اہل خانہ سے ملاقاتوں کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی تھیں،نورین نیازی کی آج کی ملاقات کے بعد عمران خان کی صحت اور ملاقات میں ہونے والی گفتگو سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔