بار بار مذاکرات کی دعوت دے کر تھک چکا ، اپوزیشن عدم اعتماد لائےگی تو سہولت دینگے ، اسپیکر ایاز صادق

بار بار مذاکرات کی دعوت دے کر تھک چکا ، اپوزیشن عدم اعتماد لائےگی تو سہولت دینگے ، اسپیکر ایاز صادق

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کی بار بار پیشکش پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وہ اپوزیشن کو بار بار دعوت دے کر تھک چکے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سے سوال کیا گیا کہ کیا اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت کی پیشکش برقرار ہے اور کیا ان کا آفس سہولت فراہم کرنے کو تیار ہے؟

اس کے جواب میں ایاز صادق کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم، میں خود، وزیر قانون اور رانا ثناء اللہ متعدد بار اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔ سچی بات یہ ہے کہ اپوزیشن کو بار بار دعوت دے کر اب میں تھک چکا ہوں، آخر ایک انسان کتنی دفعہ پیشکش کرے؟

انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن والے خود آنا چاہیں گے تو آ جائیں گے، جس پر حکومت سے بھی درخواست کی جا سکتی ہے۔

اسپیکر نے کہا کہ ہمارے سیشنز کی کارکردگی میں روز بروز بہتری آ رہی ہے، اسپیکر کی ذمہ داری نہیں کہ کورم مکمل کرے، یہ حکومت اور اپوزیشن کی ذمہ داری ہے کہ کورم مکمل کرے۔

انہوں نے کہا کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں تمام لوگ موجود تھے، کل مزید بہتری آئے گی،  اس فورم کے نمائندے اپنے علاقے کی مسائل پر بات کرتے ہیں، اس فورم کو خالی چھوڑنا مناسب نہیں۔

یہ بھی پڑھیں :وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف 4 روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ

واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی تناؤ کے خاتمے اور پارلیمانی امورچلانے کیلئے مذاکرات کی کوششیں پہلے بھی کئی بار ہو چکی ہیں ، اس سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی کاوشوں اور وزرائے اعظم کی ہدایت پر اپوزیشن اور حکومت کے مابین باضابطہ کمیٹیاں قائم کی گئی تھیں ، دونوں جانب سے کئی نشستیں ہوئیں، جن میں پی ٹی آئی نے اپنے تحریری مطالبات (چارٹر آف ڈیمانڈز) پیش کیے تھے ۔

editor

Related Articles