بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے ممبئی کے ہندو جا اسپتال کے باہر پیش آنے والے واقعے کے بعد پاپارازی کے رویے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے واضح الفاظ میں خبردار کر دیا۔
حال ہی میں سلمان خان کو اسپتال کے باہر فوٹوگرافرز پر برہمی کا اظہار کرتے دیکھا گیا تھا، جس کے بعد اداکار نے انسٹاگرام پر ایک سخت پیغام شیئر کرتے ہوئے اپنی خاموشی توڑ دی۔
سلمان خان نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ کچھ فوٹوگرافرز ان کے مشکل وقت اور حساس لمحات کو ’’کانٹینٹ‘‘ بنا کر فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں، جو ناقابلِ قبول ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ جب وہ اسپتال جیسے حساس مقام پر موجود ہوں تو ان کی پرائیویسی کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے لکھا کہ وہ ہمیشہ میڈیا کے ساتھ اچھے تعلقات رکھتے آئے ہیں اور ان کے روزگار کو بھی سپورٹ کرتے رہے ہیں، لیکن کسی کے دکھ اور نجی لمحات کو کمائی کا ذریعہ بنانا درست نہیں۔
سلمان خان نے مزید کہا کہ ان کے لیے انسانی جذبات اور زندگی کی اہمیت فلموں اور شہرت سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے جذباتی انداز میں لکھا کہ وہ آج بھی اپنے مؤقف پر ڈٹ کر کھڑے ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ناانصافی برداشت نہیں کریں گے۔
اداکار نے سخت لہجے میں خبردار کیا کہ اگر آئندہ کسی نے ایسے حالات میں ان کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کی تو وہ بھرپور جواب دیں گے۔
سلمان خان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ صارفین اداکار کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ بعض افراد اسے میڈیا کے خلاف سخت رویہ قرار دے رہے ہیں۔