بالی وڈ کے سپر اسٹار نے تنہائی سے متعلق اپنی وائرل ٹوئٹ پر وضاحت پیش کردی۔اداکار نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ وہ اپنی ذات کے بارے میں بات نہیں کر رہے تھے۔
انہوں نے لکھا، میں اکیلا کیسے ہو سکتا ہوں جب میرے پاس فیملی اور آپ جیسے مداح موجود ہیں۔ اگر آپ سب کی دعاؤں اور محبت کے باوجود بھی میں خود کو اکیلا کہوں تو یہ ناشکری ہوگی۔
سلمان خان نے مزید کہا کہ بعض اوقات وہ لوگوں کے درمیان رہتے ہوئے تھک جاتے ہیں، اسی لیے کچھ وقت اکیلے گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں۔انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا، “اس بار تو تصویر کو ہی بریکنگ نیوز بنا دیا گیا، امی پوچھ رہی ہیں کہ کیا ہوا بیٹا؟
واضح رہے کہ اس سے قبل سلمان خان نے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’اپنے آپ کے ساتھ رہنے کے دو طریقے ہوتے ہیں، اکیلے اور تنہا۔ اکیلے رہنا انسان کی اپنی پسند ہوتی ہے جبکہ تنہا وہ ہوتا ہے جس کے ساتھ کوئی رہنا نہ چاہے۔‘‘
اداکار کی اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے محبت اور حمایت کا اظہار کیا گیا۔ کئی صارفین نے 60 برس کی عمر میں بھی ان کی فٹنس اور شخصیت کو سراہا، جبکہ بعض مداحوں نے ان کے الفاظ کو ادھوری محبت اور اندرونی تنہائی سے جوڑ دیا۔