حالیہ دنوں اپنی شادی کے باعث سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے حکیم بابر نے ایک سنسنی خیز دعویٰ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں ان کے بچپن کے دوست صفدر عرف سکو نے جوس میں زہر ملا کر پلایا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکیم بابر نے بتایا کہ شادی کے بعد وہ اپنے آبائی گاؤں سنبھڑیال گئے تھے جہاں ان کے دوست صفدر نے انہیں اپنے گھر مدعو کیا۔ حکیم بابر کے مطابق اس موقع پر ان کی نئی نویلی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملاقات کے دوران انہیں جوس پیش کیا گیا جسے پینے کے کچھ ہی دیر بعد ان کی طبیعت بگڑنا شروع ہوگئی اور حالت غیر ہوگئی۔ حکیم بابر کا کہنا تھا کہ ان کے بھانجے نے فوری طور پر انہیں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کا معدہ واش کیا۔
حکیم بابر کے مطابق وہ کافی دیر تک بے ہوش رہے جبکہ ہسپتال انتظامیہ نے مختلف طبی نمونے بھی حاصل کیے ہیں جن کی رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے ان کا کہنا تھا کہ اصل حقائق میڈیکل رپورٹس سامنے آنے کے بعد واضح ہوں گے۔
حکیم بابر نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی اعلیٰ سطحی اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جا سکے اور ذمہ دار عناصر کا تعین ہو سکے۔
واضح رہے کہ زہر دیے جانے کا یہ دعویٰ حکیم بابر کی جانب سے کیا گیا ہے جبکہ اس حوالے سے صفدر عرف سکو یا متعلقہ حکام کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔