پاکستان کے معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر ایک نئی پاکستانی کرائم سیریز کے ذریعے اداکاری کی دنیا میں واپسی کرنے جا رہے ہیں۔
اس سیریز میں ان کے ساتھ حمائمہ ملک، فیروز خان اور سونیا حسین بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
علی ظفر نے اپنی گلوکاری کے ساتھ اداکاری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، وہ بالی ووڈ کی فلموں میں کام کرنے کے علاوہ پاکستانی سینما میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، اب نئی کرائم سیریز کے ذریعے وہ ایک بار پھر پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں نمایاں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بڑے بجٹ کی اس کرائم سیریز کی ہدایت کاری انس علی کریں گے، جبکہ اس کی کہانی اور دیگر تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
سیریز میں حمائمہ ملک کی شمولیت بھی خاصی اہمیت رکھتی ہے، جو کچھ عرصے کے وقفے کے بعد اسکرین پر واپسی کر رہی ہیں۔ فیروز خان اور سونیا حسین کی موجودگی بھی اس منصوبے کو توجہ کا مرکز بنا رہی ہے۔
علی ظفر کے مداح طویل عرصے سے انہیں پاکستانی ڈراموں اور سیریز میں دیکھنے کے خواہش مند رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ سجل علی اور بلال عباس خان کے ڈرامے ’لہو‘ میں کام کرنے پر آمادہ ہوئے تھے، تاہم بعد میں وہ اس منصوبے سے الگ ہوگئے۔
اب نئی کرائم سیریز میں ان کی شمولیت ان کے مداحوں کے لیے ایک نئی خوشخبری ہے۔ شائقین کو اس پراجیکٹ کی مزید تفصیلات اور علی ظفر کے نئے کردار کے بارے میں باضابطہ اعلان کا انتظار ہے۔