دو روزہ تعطل کے بعد بلوچستان میں ٹرین آپریشن دوبارہ شروع

دو روزہ تعطل کے بعد بلوچستان میں ٹرین آپریشن دوبارہ شروع

بلوچستان سے ملک کے دیگر صوبوں کے لیے معطل کی گئی ٹرین سروس دو روز کے تعطل کے بعد دوبارہ بحال کر دی گئی ہے، جس کے بعد مسافروں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

ریلوے انتظامیہ کے مطابق جعفر ایکسپریس آج اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سے پشاور کے لیے روانہ ہوگئی۔ اسی طرح پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس بھی معمول کے مطابق روانہ ہو چکی ہے اور آج کوئٹہ پہنچے گی۔

ریلوے حکام کے مطابق ٹرین سروس کی معطلی کا فیصلہ ریلوے ٹریک کی مرمت اور ضروری تکنیکی کام کے باعث کیا گیا تھا۔ ٹریک پر مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد ریل گاڑیوں کی آمدورفت بحال کردی گئی ہے۔

دو روز تک ٹرین سروس معطل رہنے کے باعث بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ متعدد مسافروں کو اپنے سفری پروگرام میں تبدیلی کرنا پڑی۔

یہ بھی پڑھیں:کلٹس گاڑی خریدنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری، بنک کی نئی آفر آ گئی

ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹریک کی مرمت کا بنیادی مقصد ریل گاڑیوں کی محفوظ اور ہموار آمدورفت کو یقینی بنانا ہے۔ مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد ٹرین آپریشن معمول کے شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔

جعفر ایکسپریس بلوچستان کو پنجاب، خیبر پختونخوا اور ملک کے دیگر علاقوں سے ملانے والی اہم مسافر ٹرینوں میں شمار ہوتی ہے، اس لیے اس کی بحالی سے روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو دوبارہ معمول کے مطابق سفری سہولت میسر آگئی ہے۔

ریلوے حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل ٹرین کے روانگی کے اوقات اور شیڈول کی تصدیق کرلیں تاکہ کسی ممکنہ تبدیلی یا تاخیر کی صورت میں مشکلات سے بچا جا سکے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles