سوزوکی اور ٹویوٹا سمیت دیگر گاڑیاں12 فیصد تک سستی ہونے کی خوشخبری، کلٹس 5، یارس کی قیمت میں 7 لاکھ تک کمی کا امکان،نئی آٹو پالیسی سے مارکیٹ میں ہلچل

سوزوکی اور ٹویوٹا سمیت دیگر گاڑیاں12 فیصد تک سستی ہونے کی خوشخبری، کلٹس 5، یارس کی قیمت میں 7 لاکھ  تک کمی کا امکان،نئی آٹو پالیسی سے مارکیٹ میں ہلچل

وفاقی حکومت کی جانب سے نئی آٹو پالیسی 2026-31 متعارف کرائے جانے کے بعد ملک میں گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت لگژری گاڑیوں کے علاوہ دیگر گاڑیوں کی قیمتیں بتدریج کم کرنے، الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے، مقامی سطح پر گاڑیوں اور پرزہ جات کی تیاری بڑھانے اور آٹو سیکٹر کی برآمدات میں اضافے کو اہم ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔

حکومتی پالیسی کے مطابق گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کے لیے درآمدی ڈیوٹیوں میں مرحلہ وار کمی کی جائے گی، تاہم اس کا فائدہ فوری طور پر صارفین کو منتقل ہونے کے بجائے آئندہ پانچ سال کے دوران سامنے آنے کی توقع ہے۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق چھوٹی پیٹرول گاڑیوں کی قیمتوں میں تقریباً 11 سے 12 فیصد جبکہ بعض الیکٹرک اور پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں 20 سے 33 فیصد تک کمی ممکن ہے۔

نئی آٹو پالیسی کے تحت مختلف کمپنیوں کی گاڑیوں کی ممکنہ نئی قیمتوں کے ابتدائی تخمینے بھی سامنے آگئے ہیں، جن کے مطابق سوزوکی آلٹو کی موجودہ قیمت 32 لاکھ روپے سے کم ہوکر 28 لاکھ 45 ہزار روپے ہونے کا امکان ہے، جس سے خریداروں کو تقریباً 3 لاکھ 55 ہزار روپے کا فائدہ ہوسکتا ہے۔

اسی طرح سوزوکی کلٹس کی قیمت 43 لاکھ روپے سے کم ہوکر 38 لاکھ روپے ہونے کی توقع ہے، جس سے گاڑی تقریباً 5 لاکھ روپے سستی ہوسکتی ہے۔ ٹویوٹا یارس 1.5 کی قیمت 60 لاکھ روپے سے کم ہوکر 53 لاکھ روپے تک آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں خریداروں کو 7 لاکھ روپے کی بچت ہوسکتی ہے۔

الیکٹرک گاڑیوں میں وولنگ بنگو کی قیمت 40 لاکھ روپے سے کم ہوکر 27 لاکھ روپے تک آنے کا امکان ہے، یعنی اس کی قیمت میں تقریباً 13 لاکھ روپے کی کمی متوقع ہے۔ اسی طرح ایک چھوٹی الیکٹرک گاڑی کی قیمت 53 لاکھ روپے سے کم ہوکر 36 لاکھ روپے ہونے کا تخمینہ ہے، جس سے 17 لاکھ روپے تک بچت ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مولانا فضل الرحمٰن کو وفاقی آئینی عدالت سے منہ کی کھانی پڑی، مخصوص نشستوں کے تنازعے پر جے یو آئی کی اپیل عبرت ناک طور پر خارج

باوجن ییپ پلس الیکٹرک گاڑی کی قیمت 63 لاکھ روپے سے کم ہوکر 50 لاکھ روپے تک آنے کی توقع ہے، جس سے خریداروں کو 13 لاکھ روپے کا فائدہ ہوسکتا ہے۔

ایم جی ایچ ایس پیٹرول کی موجودہ قیمت 95 لاکھ روپے سے کم ہوکر 92 لاکھ روپے ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ایم جی ایچ ایس پلگ اِن ہائبرڈ کی قیمت ایک کروڑ 3 لاکھ روپے سے کم ہوکر 90 لاکھ روپے تک آسکتی ہے۔ اس طرح پلگ اِن ہائبرڈ گاڑی خریدنے والوں کو تقریباً 13 لاکھ روپے کی بچت ہوسکتی ہے۔

کیا اسپورٹیج کی قیمت ایک کروڑ 22 لاکھ روپے سے کم ہوکر ایک کروڑ 11 لاکھ روپے ہونے کا امکان ہے، جس سے اس کی قیمت میں 11 لاکھ روپے تک کمی ہوسکتی ہے۔ ہیوال اے ڈبلیو ڈی پلگ اِن ہائبرڈ کی قیمت ایک کروڑ 29 لاکھ روپے سے کم ہوکر ایک کروڑ 11 لاکھ روپے تک آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس سے خریداروں کو 18 لاکھ روپے کا فائدہ ہوسکتا ہے۔

ٹویوٹا RAV4 پلگ اِن ہائبرڈ کی قیمت میں بھی بڑی کمی متوقع ہے۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق اس کی موجودہ قیمت 2 کروڑ 33 لاکھ روپے سے کم ہوکر ایک کروڑ 83 لاکھ روپے تک آسکتی ہے، جس سے خریداروں کو تقریباً 50 لاکھ روپے کی بچت ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب ٹویوٹا فارچیونر ان گاڑیوں میں شامل ہے جن کی قیمت کم ہونے کے بجائے بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق اس کی قیمت 2 کروڑ 5 لاکھ روپے سے بڑھ کر 2 کروڑ 17 لاکھ روپے تک پہنچ سکتی ہے، یعنی اس کی قیمت میں تقریباً 12 لاکھ روپے کا اضافہ متوقع ہے۔

آٹو انڈسٹری کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق GAC Aion UT کی قیمت 64 لاکھ روپے سے کم ہوکر 50 سے 52 لاکھ روپے تک آنے کا امکان ہے، جس سے خریداروں کو تقریباً 12 سے 14 لاکھ روپے کی بچت ہوسکتی ہے۔ اسی طرح Jaecoo J7 PHEV کی قیمت ایک کروڑ روپے سے کم ہوکر تقریباً 80 لاکھ روپے تک آنے کی توقع ہے، جس سے اس کی قیمت میں تقریباً 20 لاکھ روپے کی کمی ممکن ہے۔

ہونڈا HR-V e، ہیوال جولین اور ٹویوٹا کرولا آلٹس کے بعض منتخب ویریئنٹس کی قیمتوں میں بھی تقریباً 6 سے 8 لاکھ روپے تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ BYD Atto 3 اور GAC Aion V جیسی الیکٹرک ایس یو ویز کو بھی نئی آٹو پالیسی کے تحت ممکنہ طور پر فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

تاہم واضح کیا گیا ہے کہ سامنے آنے والی قیمتیں آٹو پالیسی کے پہلے سال کے ابتدائی تخمینوں پر مبنی ہیں اور انہیں گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کی حتمی نئی قیمتیں تصور نہیں کیا جا سکتا۔ خاص طور پر 2 ہزار سی سی سے بڑی گاڑیوں پر اضافی لیوی اور ٹیکس عائد ہونے کے باعث بعض گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔

نئی آٹو پالیسی کا بنیادی مقصد گاڑیوں کی قیمتوں میں بتدریج کمی کے ساتھ مقامی آٹو انڈسٹری کو مضبوط بنانا، الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں اضافہ، درآمدات پر انحصار کم کرنا اور پاکستان کو گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی برآمدات کے قابل بنانا ہے۔ تاہم صارفین کو حقیقی ریلیف کا انحصار ڈیوٹیوں میں کمی کے عملی نفاذ اور گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے نئی قیمتوں کے اعلان پر ہوگا

Qaisar Mirza
editor

Related Articles