دنیا کا پراسرار مقام جہاں چٹانیں خود چلتی ہیں، سائنسدان بھی حیران رہ گئے

دنیا کا پراسرار مقام جہاں چٹانیں خود چلتی ہیں، سائنسدان بھی حیران رہ گئے

دنیا میں قدرت کے ایسے عجیب و غریب مظاہر موجود ہیں جنہیں دیکھ کر انسان حیرت میں پڑ جاتا ہے۔ امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے ڈیتھ ویلی نیشنل پارک میں بھی ایک ایسا ہی پراسرار مقام ہے، جہاں بھاری بھرکم چٹانی پتھر بغیر کسی انسانی مدد کے اپنی جگہ سے سرکتے ہوئے آگے بڑھتے ہیں۔

یہ حیران کن منظر ڈیتھ ویلی کے علاقے ریس ٹریک پلایا میں دیکھا جا سکتا ہے، جہاں جھیل کی خشک سطح پر موجود چٹانیں حرکت کرتی ہیں اور اپنے پیچھے لمبی لکیریں چھوڑ جاتی ہیں۔ ان پتھروں کو سائنسی زبان میں سیلنگ اسٹونز  کہا جاتا ہے۔

یہ بی پڑھیں:انگلینڈ میں انوکھی چوری، ہزاروں نایاب چیونٹیوں سمیت پورا بل غائب

حیرت کی بات یہ ہے کہ ان میں سے بعض پتھروں کا وزن 200 کلوگرام سے بھی زیادہ ہوتا ہے، لیکن پھر بھی یہ اپنی جگہ سے سرک کر بعض اوقات ایک ہزار فٹ تک کا فاصلہ طے کر لیتے ہیں۔ ان کی حرکت سے خشک زمین پر بننے والے نشانات کسی پراسرار راستے کی طرح دکھائی دیتے ہیں۔

آخر یہ بھاری پتھر خود کیسے حرکت کرتے ہیں؟

کئی برسوں تک سائنسدانوں کے لیے یہ ایک معمہ بنا رہا، کیونکہ کسی انسان نے اپنی آنکھوں سے ان پتھروں کو حرکت کرتے نہیں دیکھا تھا۔

تاہم 2014 میں دو سائنسدانوں نے ٹائم لیپس فوٹوگرافی کے ذریعے پہلی بار ان پتھروں کی حرکت ریکارڈ کی۔ اس تحقیق سے معلوم ہوا کہ ان کی حرکت کے پیچھے برف، پانی اور ہوا کا اہم کردار ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق سردیوں میں بارش کے بعد جھیل کی خشک سطح پر پانی جمع ہوجاتا ہے۔ رات کے وقت درجہ حرارت گرنے سے اس پانی پر برف کی ایک انتہائی باریک اور شفاف تہہ بن جاتی ہے۔

اگلے دن سورج نکلنے پر برف پگھلنے لگتی ہے اور اس کے بڑے بڑے ٹکڑے پانی کی سطح پر تیرنے لگتے ہیں۔ اسی دوران چلنے والی ہلکی ہوائیں ان برفانی ٹکڑوں کو دھکیلتی ہیں، جو بھاری چٹانی پتھروں کو بھی آہستہ آہستہ آگے سرکانے لگتے ہیں۔

2014 میں سائنسدان جیمز نورس نے اس دریافت کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ یہ منظر دیکھ کر حیران رہ گئے کہ انتہائی خشک علاقے میں بھی چٹانیں اس طرح حرکت کرسکتی ہیں۔

تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے تقریباً 60 پتھروں کو حرکت کرتے ریکارڈ کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ حرکت مسلسل نہیں ہوتی بلکہ مخصوص موسمی حالات میں چند منٹ کے لیے ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:60 ہزار کھٹملوں کے ساتھ سونے والا سائنسدان، آخر ایسا کیوں کرتا ہے؟

کیا ان پتھروں کو حرکت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے؟

ڈیتھ ویلی نیشنل پارک کی انتظامیہ کے مطابق ان پتھروں کی حرکت کے لیے بارش، پانی، برف اور ہوا کا ایک خاص امتزاج ضروری ہے۔ اگر مناسب بارش نہ ہو تو یہ پتھر کئی ماہ بلکہ ایک سال تک اپنی جگہ پر موجود رہ سکتے ہیں۔

اسی لیے ان کی حرکت کو براہ راست دیکھنا انتہائی مشکل ہے۔ دسمبر سے فروری کے دوران وہاں جانے والے سیاحوں کو ان پتھروں کے پیچھے بننے والے نشانات دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے، تاہم پتھروں کو حرکت کرتے دیکھنے کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

یوں جس قدرتی مظہر کو کبھی ایک پراسرار راز سمجھا جاتا تھا، سائنسدانوں نے اس کے پیچھے چھپی قدرتی وجوہات کا پتا لگا لیا۔

editor

Related Articles