ٹرمپ انتظامیہ کے اہم عہدیداروں کی شامت ؟ڈیموکریٹس نے کانگریس میں احتساب کا محاذ کھولنے کا اعلان کردیا

ٹرمپ انتظامیہ کے اہم عہدیداروں کی شامت ؟ڈیموکریٹس نے کانگریس میں احتساب کا محاذ کھولنے کا اعلان کردیا

امریکی وسط مدتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈیموکریٹس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے لیے نئی مشکلات کھڑی کرنے کی تیاری کرلی۔ کانگریس کا کنٹرول سنبھالتے ہی ٹرمپ انتظامیہ کے اہم عہدیداروں، ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک اور بڑی کمپنیوں کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا عندیہ دے دیا گیا۔

ڈیموکریٹ رہنماؤں کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کانگریس میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد وہ حکومتی پالیسیوں اور اہم فیصلوں کا تفصیلی جائزہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس سلسلے میں ایلون مسک کے سرکاری معاملات میں کردار، وفاقی ملازمین کی برطرفیوں اور صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کو خصوصی طور پر تحقیقات کے دائرے میں لانے کی تیاری کی جارہی ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان کی نگرانی کمیٹی کے متوقع چیئرمین رابرٹ گارشیا نے واضح کیا ہے کہ ڈیموکریٹس ایلون مسک کے حکومتی کارکردگی میں کردار کا جائزہ لیں گے۔ وفاقی ملازمین کی بڑے پیمانے پر برطرفیوں کے معاملے کو بھی نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔

 یہ بھی پڑھیں:امریکہ مڈٹرم الیکشن، ڈیموکریٹس نے کانگریس کے دونوں ایوان چھین لیے،ٹرمپ نے شکست تسلیم کر کے لچک کا اشارہ د یدیا

گارشیا کا کہنا تھا کہ حکومتی امور میں ایلون مسک کے کردار اور وفاقی اداروں میں ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق سوالات اٹھائے جائیں گے۔ اس عمل کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کی جائے گی کہ انتظامی فیصلے کس بنیاد پر کیے گئے اور ان کے سرکاری اداروں پر کیا اثرات مرتب ہوئے۔

سٹیفن ملر بھی تحقیقات کے دائرے میں

ڈیموکریٹس نے صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں میں وائٹ ہاؤس کے نئے چیف آف اسٹاف سٹیفن ملر کے کردار کا بھی جائزہ لینے کا عندیہ دیا ہے۔

رابرٹ گارشیا  نے کہا ہے کہ  ٹرمپ انتظامیہ کی سخت گیر امیگریشن پالیسیوں میں سٹیفن ملر کے کردار کی تحقیقات کی جائیں گی۔ اس معاملے میں پالیسی سازی اور اس پر عمل درآمد سے متعلق امور کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔

وزیر دفاع کے مواخذے کی حمایت

دوسری جانب ڈیموکریٹ رہنما حکیم جیفریز نے وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

   یہ بھی پڑھیں :ایک ہی دن میں 3 ٹریلین ڈوب گئے انتخابات نے امریکہ کو اندھیروں میں دھکیل دیا،ٹرمپ کا ہو شربا انکشاف

حکیم جیفریز نے کہا کہ وہ وزیر دفاع کے مواخذے کی کارروائی کے حق میں بھرپور ووٹ دیں گے۔ اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈیموکریٹس کانگریس میں اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف سیاسی اور قانونی محاذ پر بھی سرگرم ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ قانونی جنگ کیلئے تیار

ڈیموکریٹس کے ممکنہ اقدامات پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانش نے کہا ہے کہ انتظامیہ اس معاملے پر قانونی جنگ لڑنے کے لیے تیار ہے۔

اس بیان کے بعد واشنگٹن میں سیاسی کشمکش مزید بڑھنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ ایک طرف ڈیموکریٹس کانگریس میں حاصل ہونے والے اختیار کے ذریعے حکومتی فیصلوں کی تحقیقات اور احتساب کی تیاری کررہے ہیں تو دوسری جانب ٹرمپ انتظامیہ نے ممکنہ قانونی کارروائیوں کا مقابلہ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

یوں وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد امریکی سیاست میں طاقت کا نیا توازن سامنے آرہا ہے۔ کانگریس میں ڈیموکریٹس کی جانب سے تحقیقات کا آغاز صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے لیے ایک نیا سیاسی اور قانونی چیلنج بن سکتا ہے۔

editor

Related Articles