ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ اور آیت اللہ علی خامنہ ای کی سرکاری ویب سائٹ نے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد ان سے منسوب رہائش گاہ کے کمپاؤنڈ کی ویڈیو جاری کر دی جس میں حملے سے متاثرہ عمارت کے مختلف حصوں کو دکھایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ویڈیو میں کمپاؤنڈ کے اندر موجود تباہ شدہ حصوں ملبے اور حملے سے پہنچنے والے نقصان کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ حملے کے بعد اس مقام کی اندرونی تصاویر اور ویڈیو عوام کے سامنے لائی گئی ہیں۔
🎥 انتشار تصاویر دیدهنشده از حسینیهٔ امام خمینی در بیت رهبری پساز حملات ناجوانمردانه آمریکا pic.twitter.com/wAtiRzxjZ2
رپورٹس کے مطابق ایران کا مؤقف ہے کہ حالیہ امریکا۔اسرائیل جنگ کے آغاز میں ہونے والے حملے میں آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ جاں بحق ہوئے تھے جس کے بعد ملک بھر میں کئی روز تک سرکاری سطح پر سوگ اور تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایران میں نماز جنازہ اور الوداعی تقریبات کے بعد تدفین کی آخری رسومات مشہد میں ادا کی جا رہی ہیں جبکہ اس سے قبل تہران، قم، نجف اور کربلا میں بھی لاکھوں افراد نے تعزیتی اجتماعات اور جنازوں میں شرکت کی۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ رہائش گاہ کی ویڈیو جاری کرنے کا مقصد حملے سے ہونے والے نقصان کو دنیا کے سامنے لانا اور اس واقعے کی سنگینی کو اجاگر کرنا ہے جبکہ اس معاملے پر خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔