بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور دیگر ملزمان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
بینکنگ کورٹ کے جج عبدالغفور کاکڑ نے کیس کی سماعت کی جس دوران اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک عدالت میں پیش ہوئے اور مقدمے کی کارروائی سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا۔
سماعت کے دوران عدالت میں مقدمے کے چالان کی اسکروٹنی مکمل کر لی گئی جس کے بعد عدالت نے آئندہ کارروائی کے لیے کیس کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کرنے کا حکم دے دیا۔
یہ مقدمہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور دیگر ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے جس میں غیر قانونی ذرائع سے فنڈنگ حاصل کرنے سے متعلق الزامات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
عدالت آئندہ سماعت پر چالان اور دیگر قانونی نکات کا مزید جائزہ لے گی جبکہ فریقین کو بھی مقررہ تاریخ پر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف مختلف عدالتوں میں متعدد مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں فارن فنڈنگ کیس بھی اہم مقدمات میں شمار کیا جاتا ہے۔