محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید موسلادھار بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام اور رات جبکہ 2 اگست کے دوران سندھ کے مختلف اضلاع تھرپارکر، سکھر، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، خیرپور، میرپورخاص، عمرکوٹ سمیت دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے۔
اسی طرح پنجاب کے اضلاع لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، شیخوپورہ، قصور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ اور بہاولنگر میں بھی شدید بارشوں کے باعث پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، شانگلہ اور ایبٹ آباد سمیت مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے،کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، پوٹھوہار، خیبر پختونخوا اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گجرات (بھارت) کے شمال میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے جو آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مغرب شمال مغرب کی جانب بڑھ سکتا ہے اس موسمی نظام کے زیر اثر مون سون ہوائیں ملک کے جنوب مشرقی اور وسطی علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں۔
بارش کا امکان
ہفتے کے روز سندھ میں اکثر مقامات جبکہ پنجاب، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،سندھ اور شمال مشرقی پنجاب میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے،اتوار کے روز کشمیر، سندھ، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں شدید موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
24 گھنٹوں میں بھی کئی علاقوں میں بارش ریکارڈ
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ، پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی،دوسری جانب ملک کے گرم ترین علاقوں میں دالبندین میں 45، سبی اور نوکنڈی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔